مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ کیلئے دو ہزار سے زائد درخواستیں جمع کرا دی گئیں

Mar 10, 2013


لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹوں کے حصول کیلئے 2 ہزار سے زائد خواہشمندوں نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں درخواستیں جمع کروا دی ہیں۔ ان درخواستوں کے ساتھ قومی اسمبلی کی نشست کیلئے 50 ہزار روپے اور صوبائی اسمبلی کی نشست کیلئے 30 ہزار روپے جبکہ خواتین کی مخصوص نشستوں پر قومی اسمبلی کیلئے 1 لاکھ روپے اور صوبائی اسمبلی کیلئے 75 ہزار روپے جمع کروائے جا رہے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ خواتین پارٹی عہدیداران و کارکنوں کے علاوہ پارٹی کے مرد عہدیداران کی بیگمات، صاحبزادیوں، بہنوں کی درخواستیں بھی شامل ہیں۔ یوں اب تک پاکستان مسلم لیگ (ن) کے فنڈز میں اربوں روپے جمع ہوچکے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماءعارف سندھیلہ نے قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے 133 اور این اے 136 کیلئے درخواست دی ہے۔ مسلم لیگ (ن) ضلع بہاولنگر کے جنرل سیکرٹری حافظ محمود الحسن کی اہلیہ شہناز اختر نے خواتین کی مخصوص نشستوں پر قومی و صوبائی اسمبلی دونوں کیلئے درخواست جمع کروائی ہے۔ خاتون مسلم لیگی کارکن بیگم تہمینہ شیر درانی اور وزیراعلیٰ کی معاون عائشہ صغریٰ نے بھی مخصوص نشستوں پر قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں کیلئے درخواستیں جمع کروائی ہیں۔ میاں حمزہ شہبازشریف کے دست راست عمران علی گورایہ نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 138 لاہور اور سید توصیف شاہ نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 151 لاہور کیلئے درخواستیں جمع کروائی ہیں۔ پی پی 138 میں موجودہ لیگی ایم پی اے ڈاکٹر اسد اشرف اور پی پی 151 میں اعجاز احمد خان ہیں۔ سیاسی حلقوں میں حمزہ شہبازشریف کے قریبی ساتھیوں کی جانب سے درخواستیں جمع کروانے سے بحث شروع ہوگئی ہے کہ لاہور کے ان حلقوں میں امیدواروں کو تبدیل کیا جانا مفید ہوگا کہ نہیں۔
مسلم لیگ (ن)/ ٹکٹ

مزیدخبریں