کراچی (این این آئی) پیپلز پارٹی کے سینئر وائس چئیرمین سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں پورے ملک میں اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔ پارٹی کا منشور تیاری کے آخری مراحل میں ہے، جلد اس کا اعلان کر دیا جائے گا۔ کراچی کے حالات کو ٹھیک کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ وہ ہفتہ کو کراچی ائیرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی موجودہ حکومت نے پارٹی منشور کے مطابق عوام کی خدمت کی ہے۔ یہ خدمت عوام کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کے لئے آئندہ انتخابات کا بروقت انعقاد ضروری ہے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے، کسی کے آنے یا جانے سے پارٹی پر کوئی فرق نہیں پڑتا، پارٹی کی اصل طاقت عوام ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی کا مسئلہ گھمبیر ہے، کراچی میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہوکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں عوامی ووٹوں کی طاقت سے حیران کن کامیابی حاصل کرے گی۔