اسلام آباد (آئی اےن پی) قائد حزب اختلاف چودھری نثار (کل) پیر کو نگران وزیراعظم کے تقرر کےلئے وزیراعظم راجہ پرویزاشرف کو خط ارسال کر دیں گے جس میں نگران وزیراعظم کےلئے اپوزیشن کی طرف سے دو شخصیات کو نامزد کیا جائے گا۔ ذرائع سے معلوم ہواہے کہ نثار نے خط کے ڈرافٹ پر قانونی ماہرین سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔ چودھری نثارعلی خان نے نگران وزیراعظم کےلئے 3نام اوپن کئے تھے جن میں جسٹس (ر) ناصر اسلم زاہد ، جسٹس (ر) شاکر اللہ جان اور سندھی قومیت پرست راہنما رسول بخش پلیجوکے نام شامل تھے لیکن آئینی تقاضے کے پیش نظر وزیراعظم کے لکھے جانے والے خط میں دو نام ارسال کئے جائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق جسٹس (ر) شاکر اللہ جان کا نام ڈراپ کیا جا سکتا ہے کیونکہ بعض قانونی ماہرین انکی ریٹائرمنٹ کے بعد 2سالہ مدت پوری نہ ہونے پر انکی تقرری کے حوالے سے پہلے ہی تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے بھی جسٹس ناصر اسلم زاہد کی نگران وزیراعظم تقرری کی حمایت کے بعد اپوزیشن کے فہرست میں انکا نام ہاٹ فیورٹ ہو گیا ہے۔