لاہور (پ ر) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر، وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کی سرپرستی اور کالعدم تنظیموں کے ساتھ انتخابی اتحاد کرنے والے کس منہ سے دوسروں کو بدامنی کا ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں، شہباز شریف ہر لحاظ سے ناکام ہو چکے، نواز شریف کی جانب سے پیپلز پارٹی کے دور میں دہشتگردی بڑھنے کے بیان کو چور مچائے شور قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس جھوٹ کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ پنجاب حکومت جہاں ن لیگ کی اپنی حکومت ہے دہشتگردی، بدامنی، لاقانونیت کے اعتبار سے تاریخ کے بدترین دور سے گذر رہا ہے۔ صحافیوں سے بات چیت میں انہو ںنے کہا کہ شریف برادران نے اب تک اپنے اندرون و بیرون ملک ذاتی اثاثے ظاہر کئے ہیں نہ ہی قرض اتارو ملک سنوارو مہم کے ذریعے قوم سے لئے گئے کھربوں روپے کا کوئی حساب دیا، انہو ںنے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پانچ سالہ دور میں ایسی کوئی مثال نہیں- نواز شریف باشعور عوام کو جھوٹے دعووں اور زبانی جمع خرچ پر مبنی انتخابی منشور سے بے وقوف بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔ منظور احمد وٹو نے کہا کہ پنجاب کی صورتحال یہ ہے کہ دن دیہاڑے ڈکیتیاں ہو رہی ہیں، اب تو حالت یہ ہے کہ ڈکیتی کی دھمکیوں پر تاوان مانگے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ لوگ رات کو سڑکوں پر نہیں نکلتے تاہم پنجاب کے عوام کی 16 مارچ کو جان بخشی ہو جائیگی اور شہباز شریف کی مقبولیت کا گراف جو پٹواریوں اور پولیس کے ذریعے قائم کیا گیا ہے پٹخ دیا جائے گا اور انتخابات کے بعد شریف برادران کو آٹے دال کا بھاﺅ معلوم ہو جائے گا، منظور احمد وٹو نے کہا کہ 1981ءسے اب تک اقتدار کے مزے لوٹنے والوں نے قومی سرمایہ لوٹ کر بیرون ملک بہت زیادہ اثاثے بنا لئے ہیں اور وہ اب بھی عام انتخابات کے متوقع نتائج کے پیش نظر نئی لوٹ مار کر کے بیرون ملک جا بسنے کے چکر میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے کرتوت چھپانے کے لئے دوسروں پر کیچڑ اچھالنا شریف برادران کی پرانی عادت ہے تاہم اب زمانہ بدل چکا ہے اور منفی پروپیگنڈہ سے الٹا انہیں خود نقصان پہنچ رہا ہے- انہوں نے کہا کہ عوام بیدار ہو چکے ہیں وہ کسی کو جمہوریت کے خلاف سازش نہیں کرنے دینگے اور نہ ہی عام انتخابات ملتوی کرانے کی کوئی سازش کامیاب ہونے دینگے۔
شریف برادران کو انتخابات کے بعد آٹے دال کے بھاﺅ کا پتہ چلے گا: منظور وٹو
Mar 10, 2013