دوحہ (اے پی پی) پاکستان کے ابھرتے ہوئے ٹینس سٹار اور ایشیا کے نمبر ون کھلاڑی نوفل کلیم نے قطر انڈر 14 ٹینس چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا۔ نوفل کلیم نے فائنل میں پاکستانی نژاد دبئی کے کھلاڑی مجاہد کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی۔ دوحہ کے خلیفہ ٹینس سینٹر میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں نوفل کلیم اور پاکستانی نژاد دبئی کے کھلاڑی مجاہد آمنے سامنے ہوئے، نوفل کلیم نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے مجاہد کو سٹریٹ سیٹس میں 6-1 اور 6-1 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ یہ نوفل کلیم کا دوسرا اے ٹی ایف سنگلز ٹائٹل ہے۔ اپنے ایک بیان میں نوفل کلیم نے کہا کہ ٹائٹل جیتنے پر بے حد خوشی ہوئی، بین الاقوامی سطح پر زیادہ سے زیادہ ٹائٹلز جیت کر ملک و قوم کا نام روشن کرنا خواب ہے۔