مکرمی ! چند سال قبل میڈیکل کالجوں میں ایف ایس سی پری میڈیکل کے بعد میرٹ پر داخلہ دیا جاتا تھا لیکن اصل حکمران افسر شاہی جس کا کام ہی پاکستانیوں کو ذلیل و خوار کرنے والی پالیسیاں بنانا ہے۔ میڈیکل کالجوں میں داخلہ کیلئے انٹری ٹیسٹ کے نام پر نئی رکاوٹ کھڑی کر دی۔ انٹری ٹیسٹ پاکستان کے امتحانی نظام اور ذہین طلبا و طالبات کی اہلیت پر شک کا اظہار ہے۔ انٹری ٹیسٹ کے نام پر شدید گرمی میں والدین اور خاص طور پر طلبا و طالبات کو شدید مشکلات کا شکار بنا دیا گیا ہے۔ یہ متوسط طبقہ کے ذہین بچے بچیوں کے ساتھ حکمرانوں کا ظالمانہ مذاق ہے کہ ایف ایس سی پاس کرنے کے بعد انٹری ٹیسٹ کی تیاری پر ستر اسّی ہزار کہاں سے خرچ کریں گے۔ میری وزیراعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف سے اپیل ہے کہ ہزاروں ایف ایس سی پری میڈیکل کے طلبا و طالبات سخت محنت کے بعد اچھے نمبروں سے امتحان پاس کرتے ہیں اس لئے ایف ایس سی کے نمبروں کی بنیاد پر میرٹ بنا کر میڈیکل کالجوں میں داخلہ شروع کیا جائے۔ انٹری ٹیسٹ کی ظالمانہ مشق ستم فوری طور پر ختم کی جائے۔
(محمد آصف جاہ گجر ۔ غلہ منڈی چیچہ وطنی ضلع ساہیوال)
میڈیکل کالجوں میں میرٹ پر داخلہ شروع کیا جائے
Mar 10, 2014