کراچی(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے مقبول آل رائونڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ ٹیم کی بیٹنگ اور بولنگ میں مزید بہتری کی ضرورت ہے وہ کراچی ایئرپورٹ پر برآمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ ایشیا کپ میں شریک قومی ٹیم کے تین کھلاڑی شاہد آفریدی‘ فواد عالم اور انور علی اور کوچ معین خان ‘ظہیرعباس اور شعیب محمد ڈھاکہ سے کراچی پہنچے کراچی ایئرپورٹ پر شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد نے اپنے ہیروز کا والہانہ خیرمقدم کیا۔ ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا گیا۔ شاہد خان آفریدی نے کہا کہ ایشیا کپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی شاندار رہی۔ انہوں نے کہا کہ لیگ کے آخری میچ میں ٹارگٹ بہت ہی مشکل تھا اور حریف ٹیم کے بولرز نے بھی اچھی بولنگ کی لیکن اللہ نے ہمیں عزت دی۔ تمام میچز میں ٹیم کی یکجہتی نظر آئی۔ کھلاڑیوں نے ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ چند دن آرام کرنا چاہتا ہوں۔ اللہ کا شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے بھارت اور بنگلہ دیش کے خلاف اپنی کارکردگی سے پاکستان کو کامیابی دلانے کا موقع دیا۔ دونوں میچوں میں مشکل حالات میں کھیلنے کے لئے آیا اور ٹیم کو کامیابی دلائی تاہم اگر ہم ایشیا کپ جیت کر آتے تو میرے سمیت تمام کھلاڑیوں کو زیادہ خوشی ہوتی۔ فائنل میں کھلاڑیوں سے کئی غلطیاں ہوئیں ، جس کی وجہ سے ہم اپنے اعزاز کا دفاع نہ کرسکے، ہمیں ان غلطیوں کا احساس ہے اور انہیں دور کرنے کی کوشش کریں گے ۔ ٹیم کا مورال بے حد بلند ہے اور ہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ورلڈ کپ کو ایک بار پھر جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔
قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی وطن واپسی: بیٹنگ ‘بائولنگ میں بہتری کی ضرورت‘ ایشیا کپ جیتنے سے زیادہ خوشی ہوتی: شاہد آفریدی
Mar 10, 2014