مٹھی (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) سندھ کے خشک سالی سے متاثرہ ضلع تھرپارکر میں قحط اور بیماریوں سے بچے اور لوگ مر رہے ہیں مگر وزیراعلی سندھ قائم شاہ وہاں بوفے لنچ اڑاتے رہے۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق تھر کے مصیبت زدہ لوگوں کے حالات کا ’’جائزہ‘‘ لینے کے لئے وزیراعلی سندھ لائو لشکر کے ساتھ گزشتہ روز مٹھی پہنچے اجلاس کی صدارت فرمائی کچھ دیر کے لئے قحط زدہ علاقوں کا معائنہ کیا اور پھر واپس آ کر مٹھی کے سرکٹ ہائوس میں ائرکنڈیشنڈ کمرے میں آرام کیا۔ مٹھی انتظامیہ نے وزیراعلی کے لئے خصوصی ظہرانے کا انتظام کیا، بوفے لنچ میں قائم شاہ اور انکے ساتھیوں کی تواضع فرائی مچھلی، تکے، کوفتے، ملائی بوٹی، روسٹ اور اصلی گھی میں پکی روٹی سے کی گئی۔ سندھ کے حکمرانوں نے بھوک پیاس سے مرنے والوں کو نظرانداز کرکے پرتکلف ظہرانہ تناول کیا اور پھر کراچی واپس چلے گئے۔