تھر میں ہلاکتیں بڑا المیہ، سیاست کے بجائے متاثرین کی مدد کی جائے: حمزہ شہباز

لاہور (خبر نگار) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ تھر کے علاقے میں قحط کی وجہ سے معصوم بچوں کی ہلاکت بہت بڑا انسانی المیہ ہے ۔ سندھ حکومت نے ثقافتی شو پر تو بھرپور توجہ دی مگر معصوم جانوں کے ضیاع پر آنکھیں بند کر کے دوہرے معیار کا مظاہرہ کیا۔ سانحہ کے ذمہ داروں کے خلاف تحقیقات کر کے انہیں کیفرکردار تک پہنچانا سندھ حکومت کا فرض ہے۔ یہ سیاسی پوائنٹ سکورنگ کا نہیں بلکہ مصیبت زدہ لوگوں کی فوری مدد کا وقت ہے۔ حمزہ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز تھر کے قحط زدگان کے لئے حکومت پنجاب کی طرف سے امدادی سامان کے 10 ٹرکوں کی روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی جی پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی محمد آصف‘ صوبائی وزیر وحید ارائیں اور ارکان اسمبلی موجود تھے۔ ایک کروڑ مالیت کے بھیجے جانے والے سامان میں 75ہزار کلو گرام چاول اور 20 ہزار منرل واٹر کی بوتلیں شامل ہیں جب کہ آج امدادی سامان کے مزید 30ٹرک تھر روانہ کئے جائیں گے۔ حمزہ شہباز نے اس موقع پر کہا کہ تھر میں جس طرح انسانیت نے بلک بلک کر دم توڑا ہے اس بے حسی پر بحیثیت قوم ہمارے ضمیر شرمندہ ہیں۔ ہم ان مائوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں جن کے بچے بھوک اور قحط کی بھینٹ چڑھ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مدد کے لئے رابطہ کرنے پر سندھ حکومت کی طرف سے بتایا گیا کہ انہیں ہماری مدد کی ضرورت نہیں۔ لیکن پنجاب نے جس طرح ماضی میں مصیبت کی گھڑی میں ہر صوبے کی مدد کی ہے اور غمزدوں کے زخموں پر مرہم رکھا ہے‘ اپنی اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ہم نے تھر کے قحط زدگان کے لئے بھی امدادی سامان روانہ کیا ہے کیونکہ ہمارے نزدیک جمہوریت اور سیاست کا بنیادی مقصد عوام کی خدمت اور ان کی فلاح و بہبود ہے۔ حمزہ شہباز نے مزید کہا وزیراعظم نوازشریف نے تھر کے سانحہ کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر فوج کو متاثرہ علاقوں میں پہنچنے اور امدادی کارروائیوں کا حکم دیا جبکہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب خود بھی متاثرہ علاقوں میں پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا سانحہ کے ذمہ داروں کے خلاف مکمل تحقیقات کرکے سامنے لانا اور کیفر کردار تک پہنچانا بھی بہت ضروری ہے۔ محض چند افسران کو معطل کرنے سے کام نہیں چلے گا۔

ای پیپر دی نیشن