جنیوا (ثناء نیوز) اقوامِ متحدہ نے کہا ہے کہ عیسائی ملیشیاء کی بربریت سے بچنے کے لئے جمہوریہ وسطی افریقہ کا دارالحکومت بنگوئی مسلمانوں سے خالی ہوگیا ہے اور شہر کی تقریبا تمام مسلمان آبادی جانیں بچانے کے لیے محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئی ہے۔اقوامِ متحدہ کی امدادی سرگرمیوں کے سربراہ ویلری آموس نے جینوا میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بنگوئی میں ایک لاکھ سے زائد مسلمان آباد تھے جہاں اب صرف 900 مسلمان باقی رہ گئے ہیں۔ افریقی ملک میں آبادی کا تناسب تبدیل ہورہا ہے اور ملک کے مغربی علاقوں سے بھی مسلمان آبادی کا انخلا جاری ہے۔ویلی آموس نے کہا کہ اقوامِ متحدہ جمہوریہ وسطی افریقہ کی حکومت کے تعاون سے ملک کے دو سے چار بڑے شہروں میں قیامِ امن کے لئے کوشش کر رہی ہے تاکہ وہاں آبادی کا تنوع برقرار رکھا جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد جمہوریہ وسطی افریقہ کے عوام کو ملکی صورتِ حال مستحکم ہونے کا احساس دلانا ہے۔