لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پیر پگاڑا صدر الدین راشدی نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے منصورہ لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد پیرپگاڑا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین سینٹ اور ڈپٹی کے انتخاب کیلئے دیکھتے ہیں کیا فیصلہ ہوتا ہے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی گزشتہ 2 سال سے اکٹھی چل رہی ہیں۔ امید ہے معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہوجائے گا۔ اپنے اپنے صوبے کی بات کرنا نقصان دہ ہے، سندھ میں تمام ادارے ختم ہوچکے ہیں، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی مل کر چیئرمین سینٹ لے آئیں گے۔ ہمیں سب سے پہلے پاکستان کی بات کرنی چاہئے، کوئی پنجاب، کوئی خیبر پی کے، کوئی کسی اور علاقے کی بات کررہا ہے، کوئی فیڈریشن کی بات نہیں کررہا۔ افسوس آج ہر ایک نے اپنی الگ مسجد بنالی ہے۔ ملاقات میں سیاسی گفتگو سمیت بہت سے معاملات پر بات ہوئی۔ سراج الحق کا مشکور ہوں کہ انہوں نے منصورہ آنے کی دعوت دی۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ملاقات میں فیڈریشن کو مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا۔ کسی پارٹی کی حکومت سے ملک ٹھیک نہیں ہوسکتا۔خصوصی نامہ نگار کے مطابق سراج الحق نے کہا کہ بہت سارے سیاسی امور پر جماعت اسلامی اور فنکشنل لیگ کا نقطہ نظر ایک ہے۔ ہم ملک میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور فیڈریشن کو مضبوط دیکھناچاہتے ہیں۔ جب تک ملک میں میرٹ اور عدل و انصاف کی حکمرانی نہیں ہوگی، ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ علاوہ ازیں سراج الحق سے جماعت اسلامی بلوچستان کے دو رکنی وفد جو عبدالقیوم کاکڑ اور مولوی عبدالمنان پر مشتمل تھا نے ملاقات کی۔
سراج الحق سے ملاقات، مسلم لیگ ن اور پی پی ملکر چیئرمین سینٹ لے آئیں: پیرپگاڑا
Mar 10, 2015