کراچی میں مقابلے، طالبان کمانڈر سمیت 4 دہشت گرد، 2 ٹارگٹ کلرز ہلاک

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے علاقے سرجانی ٹائون سیکٹر میں گزشتہ رات رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے دہشت گرد موجود ہونے کی اطلاعات پر آپریشن کیا۔ اس دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 2 رینجرز اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ شدید فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ لوگ گھروں میں گھنٹوں محصور ہوکر بیٹھے رہے۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق مرنے والے دہشت گردوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان سجنا گروپ کراچی کا کمانڈر طارق خان عرف عابد چھوٹو نائب امیر رحمان الدین عرف لالہ اور ان کے ساتھی امجد خان اور سردار رب خان شامل ہیں جن کے قبضے سے دستی بم، خودکش جیکٹس اور دیگر اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ عابد چھوٹو قتل، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور بم دھماکوں میں ملوث تھا۔ ادھر سی ٹی ڈی نے اتحاد ٹائون میں کارروائی کرکے وزیرستان کے 8 دہشت گردوں کو گرفتار اور اسلحہ برآمد کرلیا۔ علاوہ ازیں گلشن اقبال میں سفاری پارک کے قریب 2 موٹر سائیکل سواروں نے ایک موٹر سائیکل سوار 32 سالہ سجادعلی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ سجاد جامعہ کراچی میں ایک طلبہ تنظیم کا عہدیدار تھا۔ رات گئے قائد آباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں دو مطلوب ملزم ہلاک ہوگئے۔ ایس ایس پی ملیر رائو انوار کے مطابق ہلاک ملزم پیسے لیکر شہریوں کو قتل کرتے تھے۔ ملزموں کے خلاف دس مقدمات درج تھے اور ان کا تعلق ڈینجر گینگ سے تھا۔ ہلاک ملزموں سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن