لاہور(خصوصی رپورٹر) عمران خان نے کہا ہے کہ این اے 122 کا نتیجہ ایک ماہ میں آ رہا ہے جس سے ثابت ہوگا کہ الیکشن 2013ء میں کتنا بڑا فراڈ ہوا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اگلے ماہ آزادی بس لے کر لاہور آرہے ہیں اور جب تک انصاف نہیں ملے گا لاہور اور پاکستان کی سڑکوں پر نکلیں گے اور اس وقت تک واپس نہیں جائیں گے جب تک جوڈیشل کمشن نہیں بنتا۔ وہ ایوان اقبال میں تحریک انصاف پنجاب کے زیراہتمام یوم نسواں کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب سے مخدوم شاہ محمود قریشی، چودھری محمد سرور، اعجاز چودھری، عارف علوی ایم این اے، اسد عمر ایم این اے، منزہ حسن ایم این اے، ڈاکٹر یاسمین راشد، سلونی بخاری، عندلیب نے بھی خطاب کیا جبکہ سٹیج پر عبدالعلیم خان، شفقت محمود ایم این اے، میاں اسلم اقبال، جمشید اقبال چیمہ، فوزیہ قصوری، شعیب صدیقی، فرخ جاوید مون، عامر شیخ، میاں افتخار و دیگر موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیا پاکستان بنانے کا کام گھروں سے شروع ہوگا، مائوں کو اس کے لئے ذہن تیار کرنا ہے، خواتین نے دھرنے اور جلسوں کو کامیاب بنایا اب اپنے حقوق کے لئے بھی کھڑی ہو جائیں میں اور میری جماعت آپ کے ساتھ ہوگی۔ خواتین گھروں سے نکل آئیں، بچے سکولوں میں گو نواز گو کہیں گے تو پھرکوئی بھی نیا پاکستان بننے سے نہیں روک سکے گا۔ ایک ماہ بعد آزادی بس لے کر لاہور آرہے ہیں یہ آخری فیز ہوگا اور ہم نیا پاکستان بنا کر دم لیں گے۔ سینٹ کے الیکشن میں جو ہوا سب کے سامنے ہے، ایم پی ایز کی دو دو چار چار کروڑ کی بولیاں لگیں، کے پی کے اسی فیصد ممبران اسمبلی نے ایک کروڑ روپے کی شکل بھی نہیں دیکھی اس کے باوجود ہمارے ممبران اسمبلی نے چار کروڑ کی پیشکش ٹھکرا دیں لیکن اپنا ضمیر نہیں بیچا اس پر میں انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ 2013ء میں ساری جماعتوں نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے لیکن تحریک انصاف واحد جماعت تھی جس نے کہا کہ دھاندلی کرنے والوں کو سزا دو۔ آپ کے سامنے ہے کہ باقی جماعتوں نے ہمارے ساتھ مل کر نہیں کہا کہ جوڈیشل کمشن بننا چاہئے۔ ہم ڈی چوک پہنچے تو اسمبلی اور سینٹ میں ساری جماعتیں کیوں اکٹھی ہوگئیں، سیاستدان دھاندلی قبول کرنے کو کیوں تیار ہوئے۔ ہمیں کیوں کہتے ہیں کہ پانچ سال کیلئے دھاندلی زدہ حکومت کو قبول کرلو۔ ہم پوچھتے ہیں کہ جن کے پاس 20 سال پہلے کچھ نہیں تھا ان کے پاس بیرون ملک اربوں روپے کی جائیدادیں کہاں سے آئیں؟ نوازشریف بتائیں 20 سال پہلے ان کے پاس برطانیہ میں کوئی جائیداد نہیں تھی اب ان کے بیٹے کے پاس اربوں روپے کی جائیداد کہاں سے آئی؟ اسحاق ڈار کے بیٹوں کے پاس اربوں روپے کی جائیداد کہاں سے آئی؟ زرداری کے پاس اربوں روپے کی جائیدادیں کہاں سے آئیں؟ تحریک انصاف نہ ہو تو دونوں جماعتیں بار بار اپنی باریاں لگائیں۔ انہوں نے الیکشن آنے پر ایک دوسرے کو دھمکیاں دیتے رہنا تھا اور باریاں لیتے رہنا تھا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قیام پاکستان کی جدوجہد میں خواتین نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا تھا اب خواتین کے بغیر نیا پاکستان نہیں بن سکے گا۔ اعجاز چودھری نے کہا کہ وہ آج کا دن تحریک انصاف کی پہلی شہید خاتون زارا شاہد حسین کے نام کررہے ہیں جو ایم کیو ایم کے ظلم کا شکار ہوئیں۔ سابق گورنر اور تحریک انصاف کے رہنما چودھری محمد سرور نے کہا دھرنے کی کامیابی میں خواتین کاکردار زیادہ تھا۔ انہوں نے کہا میں ٹی وی پر دھرنے کے دوران خواتین کے کردار کو دیکھتا تو میرا ضمیر ملامت کرتا کہ میں محل میں کیوں بیٹھا ہوں۔ تقریب سے منزہ حسن، اسد عمر، عارف علوی، یاسمین راشد، سلونی بخاری نے بھی خطاب کیا۔