دہشت گردی کے خلاف قوم کو ایک ہونا چاہئے، مشکلات سے نکلنے اور ترقی کا واحد راستہ اتحاد ہے: نوازشریف

ملتان (سپیشل رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت+ ایجنسیاں+ نیٹ نیوز) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہونے کیلئے دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے، ملک کو مشکلات سے نکالنے اور ترقی کا واحد راستہ اتحاد ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر صورت جیتیں گے، کراچی لاہور موٹروے کا جلد افتتاح کروں گا، 2017ء تک 10 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں آجائے گی، بجلی کی لوڈشیڈنگ کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کر دیں گے، ملتان میں نئے ائیر پورٹ سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، ملتان میں 29 ارب کے ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں، شہر میں انٹر سٹی رنگ روڈ تعمیر کی جائیگی اس کے لئے وفاقی حکومت فنڈز مہیا کرے گی۔ ملتان میں نئے ائیرپورٹ کا افتتاح کر نے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ ملتان آ کر بہت خوش ہوں، ملتان اولیائے کرام کا شہر ہے، اس تقریب میں یوسف رضا گیلانی کی شرکت باعث فخر ہے۔ یوسف رضا گیلانی نے اس نئے ائیر پورٹ کی بنیاد رکھی تھی ہم نے اس منصوبے کو مکمل کر کے افتتاح کیا، ایسا ہی ہو نا چاہئے ایک حکومت ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد رکھے اور دوسری آنے والی حکومتیں مکمل کر کے افتتاح کریں۔ اگر ایسا جاری رہے تو ملک کو ترقی کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا، اس سے معیشت مضبوط ہوگی، خطے میں استحکام بھی آئے گا، ملتان کے لوگ محبت، خلوص سے مالا مال ہیں، ملتان کی سوغاتیں آم اور حلوہ بہت مشہور ہیں، نئے ائیرپورٹ کی تعمیر سے ملتان والوں کو اب لاہور اور کراچی نہیں جانا پڑے گا، تارکین وطن کو اپنے گھر میں ہی ائیر پورٹ کی سہولت مل گئی ہے جو ان کا حق ہے۔ تارکین وطن کا ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ہے، ملک کیلئے ملتان مرکزی حیثیت رکھتا ہے، یہ نیا ائیر پورٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا درجہ رکھتا ہے، اس سے خطے کی اہمیت میں اضافہ ہوا، عالمی برآمدات میں بھی کئی گنا اضافہ ہوگا جس سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر ہماری پالیسی کا حصہ ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ آج وقت متحد ہوکر چلنے کا ہے۔ قومی ایکشن پلان پر سیاسی و عسکری قیادت متفق ہے، مشکلات سے نکلنے اور ترقی کا واحد راستہ اتحاد ہے، دہشت گردی کے خلاف قوم کا اتحاد قابل فخر ہے، ہماری کوشش ہے کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے ساتھ ساتھ عوام کو بجلی سستی فراہم کی جائے اس حوالے سے ہم کوئلے، ایل این جی اور ہائیڈرو پاور منصوبے شروع کررہے ہیں۔ کراچی لاہور موٹروے کیلئے زمین کی خریداری کیلئے 55 ارب روپے ادا کر دیئے ہیں، جلد حیدر آباد اور سکھر جائوں گا اور نئے موٹروے کا افتتاح کرونگا، اس نئی موٹروے سے سکھر اور ملتان کو آپس میں ملایا جائیگا، ہماری کوشش ہے کہ 2017ء تک کراچی لاہور موٹروے کو مکمل کر دی جائے، کراچی لاہور موٹروے کی تعمیر سے مسافر جہاز کی بجائے موٹروے پر سفر کرنا پسند کریں گے۔ فیصل آباد موٹروے پر تیزی سے کام جاری ہے جو جلد مکمل کیا ہو جائیگا، ملتان کو سکھر سے ملانے کے لئے بھی موٹروے بنائیں گے جس پر 242 ارب روپے خرچ ہوں گے۔ ہم جب بھی اقتدار میں آئے ملک میں انفراسٹرکچر اور کمیونیکشنز پر بہت توجہ دی گئی اب بھی اسی پالیسی پر کام کر رہے ہیں۔ نیا ائیر پورٹ ملتان کے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ تھا، شہباز شریف ہسپتال کا بھی افتتاح کر دیا گیا ہے نشتر ہسپتال کا برن یونٹ مکمل ہوگیا، انہوں نے ملتان کے شہریوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ شہر میں انٹر سٹی رنگ روڈ تعمیر کی جائے گی اس کے لئے وفاقی حکومت فنڈز مہیا کرے گی۔ پنجاب حکومت اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف ملتان میںترقیاتی کاموں پر ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں پنجاب حکومت ملتان میں صرف سڑکوں کی تعمیر کیلئے31 کروڑ روپے خرچ کر رہی ہے جس سے اس شہر کو دوسرے شہروں کے ساتھ ملایا جائیگا، سفری سہولیات کو آسان بنایا جائیگا، ملتان میں چلڈرن ہسپتال بھی آخر ی مراحل میں ہے جس پر 8 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی اور ترقی پر قوم کو ایک ہونا چاہئے، حکومتیں بدل جائیں تو بھی منصوبے جاری رہنے چاہئیں۔ نوجوانوں کے لئے بامقصد تعلیم ترجیحات میں شامل ہے۔ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے شروع کئے گئے پراجیکٹس طویل مدت تک کے لئے ہونے چاہئیں۔وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا کہ عظیم تر پاکستان بنانے کے لئے ہمیں آپس کے اختلافات کو بھلا کر ملکر آگے چلنا ہو گا، ملتان کے شاندار بین الاقوامی ائیر پورٹ کا افتتاح کرکے اُسے پاکستان کی نئی پہچان بنا دیا ہے یہاں سے پاکستان کی خوشبو اور مٹھاس پوری دنیا میں پہنچے گی، اپنی ذات کو پیچھے کرکے پاکستان کو آگے کرکے چلنا ہو گا، دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہو کر چلنا ہو گا، اپنا ایجنڈا چھوڑ کر قومی ایجنڈا کو اپنانا ہو گا، ملک کو مشکلات سے نکالنے اور ترقی دینے کا واحد راستہ کھلا ہے۔انڈونیشیا کے نائب وزیر خارجہ عبدالرحمان محمد فاچر نے وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کی اور انہیں بندونگ میں ایشیا افریقہ کانفرنس کی 60 ویں سالگرہ اور نئی ایشیائی افریقی سٹریٹجک پارٹنر شپ کی دسویں سالگرہ میں شرکت کی دعوت دی جس کے لئے 109 ممالک کو مدعو کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے دعوت قبول کرتے ہوئے انڈونیشیا کے صدر کے جذبے پر اظہار تشکر کیا۔ آئی ایم ایف مشن کے سربراہ ہیرلڈ فنگر‘ پاکستان کے لئے آئی ایم ایف کے ریزیڈنٹ نمائندہ توخیر میرزوف اور ڈائریکٹر مڈل ایسٹ اینڈ سنٹرل ایشیا ڈیپارٹمنٹ مسعود احمد نے وزیراعظم محمد نواز شریف کے ساتھ ملاقات کی۔ وزیراعظم نے توسیعی فنڈز سہولت کے تحت پاکستان کے لئے آئی ایم ایف کی 6.64 ارب ڈالر کی فنانسنگ کی تعریف کی جس کی منظوری آئی ایم ایف بورڈ نے چار ستمبر 2013ء کو دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں ٹیکسوں کی بنیاد میں اضافہ کے لئے اقدامات کر رہی ہے جس سے ترقی اور سماجی شعبہ کے لئے زائد محصولات حاصل ہوں گے۔ وفد نے پاکستان کے مثبت اقتصادی اشاریوں کی تعریف کی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ‘ بجٹ خسارہ میں کمی‘ جی ڈی پی میں اضافہ پر وزیراعظم اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی۔ وزیراعظم نوازشریف نے سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی سے ان کے بھائی سابق صوبائی وزیر عبدالرحمن جمالی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے سابق وزیر اعظم ظفر اللہ جمالی کو ٹیلی فون کر کے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دکھ کی گھڑی میں وہ جمالی خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف کراچی کا دورہ کریں گے، وزیر اعظم لاہور، کراچی موٹروے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
ملتان (آن لائن) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے ملتان میں نئے ائیر پورٹ کی عمارت کا افتتاح کردیا ہے، 9 ارب روپے لاگت سے یہ عمارت تعمیر کی گئی ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف ملتان پہنچے جہاں انہوں نے نئے ائیرپورٹ کی عمارت کا افتتاح کیا، دعا بھی کی گئی ۔ائیر پورٹ کو دو مرحلوں میں تعمیر کیا گیا ہے، پہلے مرحلے میں رن وے80c ٹاور مکمل کیا گیا ہے جس پر 2 ارب کی لاگت آئی ہے دوسرے مرحلے میں ائیر پورٹ کی ٹرمینل عمارت کو تعمیر کیا گیا جس پر 7 ارب روپے لاگت آئی، سالانہ10 لاکھ مسافر سفری سہولیات سے مستفید ہوں گے 10 ہزار میٹرک ٹن برآمدات ہو سکے گی، پھلوں اور سبزیوں کی برآمد بھی آسانی ہوگی، ملتان ائیر پورٹ ملک کی کشادہ ائیر پورٹ میں شامل ہو گیا ہے، اس ائیر پورٹ پر بیک وقت4 طیاروں کے آپشنز موجود ہیں جبکہ اس ائیر پورٹ پر بوئنگ777 اور747 بھی لینڈ کر سکیں گے، ملکی و غیر ملکی ائیر لائنز بھی ملتان کے نئی ائیر پورٹ میں دلچسپی کا اظہار کر چکی ہیں دبئی، جدہ اور مدینہ جانے والے پروازوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ نئے ائر پورٹ کی عمارت کا سنگ بنیاد جون 2010ء میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے رکھا تھا۔

ای پیپر دی نیشن