بھارت میں سوائن فلو کے باعث مزید اکتالیس افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے

بھارت میں سوائن فلو کےباعث مزید اکتالیس افراد زندگی کی بازی ہارگئے۔جس کے بعد سوائن فلو کے باعث مرنے والوں کی تعداد چودہ سو سے تجاوز کرگئی۔ بھارتی ریاست آسام میں سوائن فلو کے باعث پہلی ہلاکت سامنے آگئی ہے۔ بھارتی محکمہ صحت کے مطابق ملک بھر میں اب تک پچیس ہزار سے زائد افراد میں سوائن فلو وائرس کی تشخیص کی جاچکی ہے۔ بھارتی محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق سوائن فلو کے باعث سب سے زیادہ ہلاکتیں گجرات میں ریکارڈ کی گئیں۔جہاں تین سو بیالیس افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ ہلاکتیں ریاست راجستھان میں ریکارڈ کی گئیں جہاں تین سو تیس سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔پنجاب اور ہریانہ میں باالترتیب اننچاس اور ستائیس افراد مارے گئے۔ دارالحکومت نئی دہلی میں دس، کرناٹک میں پچپن، کیرالہ میں گیارہ افراد ہلاک ہوئے۔محکمہ صحت کے مطابق دو ہزار نو میں سوائن فلو کے باعث ملک بھر میں نو سو سے زائد افراد مارے گئے تھے۔جبکہ دو ہزار دس میں ایک ہزار سے زائدافراد وائرس کا شکار بنے تھے۔

ای پیپر دی نیشن