اسلام آباد (این این آئی+ اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے کہا ہے کہ انتہا پسندی دہشت گردی کے خاتمے اور گڈگورننس کے قیام کیلئے پاکستان اور فرانس کے مابین قریبی تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان پائیدار شراکت داری کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ اپنے قریبی دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور اقتصادی وپارلیمانی روابط کو فروغ دے کر موجودہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار فرانس کی سفیر ماریٹن ڈونس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پارلیمنٹ ہائوس میں سپیکر سے ملاقات کی۔ دریں اثناء سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے این اے 122 سے امیدوار علیم خان کے خلاف جھوٹے حلفیہ بیان جمع کرانے پر الیکشن کمشن میں درخواست دائر کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حلفیہ بیان پر دستخط کرنے اور جمع کرانے والے کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔
ایاز صادق