کراچی (وقائع نگار) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ کلفٹن سیوریج پمپنگ اسٹیشن اگلے ماہ آپریشنل ہو جائے گا جبکہ جون2016 ءتک شہر بھر کے 90 فیصد پارکس اصل حالات میں دوبارہ فعال ہو جائیں گے شہر سے کچرا اٹھانے کے لئے ایک مکینزم بنایاگیا ہے جس کا آغاز ضلع جنوبی سے کیا جارہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شہر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ دورے کے دوران صحا فیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو ، ایم ڈی واٹر بورڈ مصباح الدین فرید، میونسپل کمشنر سمیع الدین صدیقی ، ڈی جی پارک اسداللہ شیخ ، سینئر ڈائریکٹر کے ایم سی مسعود عالم سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔ گورنر سندھ اپنے دورے کے دوران کلفٹن سیوریج پمپنگ اسٹیشن گئے جہاں پر جاری کام کا جائزہ لیا اور مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا اس موقع پر انھیں بریفنگ دی گئی کہ کلفٹن سیوریج پمپنگ اسٹیشن اگلے ماہ آپریشنل کر دیا جائے گا ۔ گورنر سندھ کلفٹن میں واقع نہر خیام پہنچے اور جاری کام کی رفتار کا جائزہ لیا متعلقہ حکام نے گورنر سندھ کو حائل رکاوٹوں اور جاری کام کے بارے میں تفصیل سے آگا ہ کیا ۔علاوہ ازیںگورنرسندھ نے باغ ابن قاسم گئے اور وہاں جاری کاموں کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایات دیں ۔ بعد ازاں گورنر سندھ بیچ پارک کلفٹن گئے اور وہاں جاری کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ہدایات دیں ۔
جون تک کراچی بھر کے 90فیصد پارکس دوبارہ فعال ہوجائیںگے‘ گورنر
Mar 10, 2016