پرویزخٹک کی زیرصدارت اجلاس پانامہ ایشو، پختونوں کیساتھ سلوک پر غور

پشاور(آئی این پی) وزیراعلیٰ خیبرپی کے پرویز خٹک کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس کو ریپیڈ بس ٹرانزٹ، سیف سٹی پراجیکٹ، ڈبلیو ایس ایس پی، ریسکیو1122 پر بریفنگ دی گئی جبکہ صوبائی حکومت کی اصلاحات ، پانامہ ایشو اور پنجاب میں پختون برادری کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک سمیت دیگر اہم امور بھی زیر غور آئے۔ صوبائی وزرائ، پی ٹی آئی کے ارکان صوبائی اسمبلی ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ پانامہ کیس پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے توقع ظاہر کی گئی سپریم کورٹ کا فیصلہ ملک اور قوم کے مفاد میں ہوگا۔ عمران خان نے پرویزخٹک کو بہترین طرز حکمرانی اور اصلاحات کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی اور کہا پرویز خٹک کی قیاد ت نے خیبرپی کے کو منفرد بنادیا ہے۔ ریپیڈ بس ٹرانزٹ منصوبے پر بریفینگ دیتے ہوئے بتایا گیا یہ برصغیر کا سب سے پہلا گولڈن سٹینڈرڈ تھرڈ جنریشن پراجیکٹ ہو گا جو مسافروں کو بہترین سہولیات فراہم کرے گا۔ یہ ملکی سطح پر سب سے اچھا پراجیکٹ ہے دیگر منصوبوں کی نسبت اس کا خرچہ کم ہے ۔یہ آٹھ رابطہ روٹس کے ذریعے4 لاکھ80 ہزار مسافروں کو سہولت فراہم کرے گا۔ منفرد ڈیزائن کے منصوبہ کے رابطہ روٹس پر 9 میٹر جبکہ مین کوریڈور پر 12 میٹر طویل بسیں چلائی جائیں گی۔ عمران خان نے کہا ٹریفک جام کو روکنے کیلئے بہترین پلان ہونا چاہئے اور روٹس اپ گریڈڈ ہوں۔

ای پیپر دی نیشن