لاہور+ اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر+ آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک کے پشاور زلمی کیلئے 2 کروڑ روپے کے انعام کے اعلان پر عمران خان نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عمران خان نے پرویز خٹک سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کی وضاحت مانگی ہے اور پرویز خٹک کو کہا کہ آپ نے کس بنیاد پر عوام کی رقم پرائیویٹ کلب کیلئے انائونس کی ہے۔ یاد رہے کہ پرویز خٹک نے پی ایس ایل کا فائنل جیتنے کے بعد پشاور زلمی کیلئے 2 کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا تھا۔ پاکستان سپر لیگ کی چیمپئن پشاور زلمی نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے غیرملکی کھلاڑیوں کو پھٹیچر کہنے پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے دی گئی ظہرانے کی دعوت مسترد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے چیمپئن ٹیم کے اعزاز میں پشاور میں ایک ظہرانے کا اہتمام کیا تھا لیکن عمران خان کے متنازع بیان کے سبب پشاور کی ٹیم نے دعوت قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔ پشاور میں ٹیم کی استقبال کے لئے محکمہ سیاحت نے رنگا رنگ تقریب کے انتظامات کیے تھے جبکہ روایتی کھانوں، آتش بازی اور پشتو موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا لیکن زلمی کے انکار کے بعد استقبال کے لئے کیے گئے انتظامات منسوخ کر دئیے گئے ہیں۔
عمران خان 2 کروڑ کا اعلان کرنے پر پرویز خٹک سے ناراض، وضاحت طلب
Mar 10, 2017