لاہور/ کراچی (نامہ نگاران+ ایجنسیاں) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مختلف علاقوں میں آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائیاں کرتے ہوئے مزید سینکڑوں مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ گرفتار ملزموں میں افغان باشندے بھی شامل ہیں۔ جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جماعت الاحرار کے دو دہشت گردوں کو گرفتار کر کے 2 کلو دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا۔ شہر بڑی تباہی سے بچ گیا۔ کراچی کے علاقے پیر آباد میں تین غیرملکیوں سمیت آٹھ افراد کو گرفتار کرلیا۔ گلبرگ اور نیو کراچی پولیس نے بھی مشترکہ کارروائی کے دوران فارن ایکٹ کی خلاف ورزی پر چار غیرملکیوں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا۔ پنڈی بھٹیاں میں کومبنگ آپریشن کے دوران تیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ 13 اشتہاری پکڑے گئے جبکہ جرائم پیشہ افراد کی 10 پناہ گاہیں بھی مسمار کر دی گئیں۔ بھکر میں کلورکوٹ اور صدر دریا خان سے 36 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ پشاور کے علاقے شاہ قبول سے 20 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ کوئٹہ کے سیٹلائٹ ٹاؤن سے دو غیرملکی پکڑے گئے۔ منڈی شاہ جیونہ میں پاک فوج اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔ کندیاں، اٹامک انرجی کمشن چشمہ کے گرد و نواح میں کومبنگ اور سرچ آپریشن کے دوران تعلیمی و دینی مدارس، ہوٹلوں کی تلاشی اور مسافروں کے کوائف چیک کئے گئے۔ 52 افراد کی بائیومیٹرک تصدیق کی گئی۔ 19 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ ٹوبہ میں کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ اور حساس اداروں نے مخبری پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے جھنگ روڈ بائی پاس چک نمبر 325ج ب (دلم) کے قریب تین مشکوک افراد کا تعاقب کرتے ہوئے دو کو گرفتار کرلیا جبکہ ایک ملزم فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گیا، گرفتار ہونے والے ملزموں سے دو کلو گرام دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا ہے، دھماکہ خیز مواد خودکش حملہ کیلئے بالکل تیار کر کے ایک کمپیوٹر کیسنگ کے اندر رکھا گیا تھا جبکہ اس کے ساتھ ایک بیگ اور ٹوٹا ہوا لیپ ٹاپ بھی برآمد ہوا ہے، بم ڈسپوزل سکواڈ کے عملہ نے دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنایا جبکہ کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکاروں نے دو مبینہ دہشت گردوں محمد شہزاد اور سمیع اللہ کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ واضح رہے کہ بائی پاس کے قریب ہی موٹر وے پر کام کرنے والے چینی انجنیئرز کی رہائش گاہیں اور فاریسٹ پارک سمیت دیگر اہم ادارے واقع ہیں۔ ضلع بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ہیڈمرالہ پولیس نے گوندل میں چھاپہ مارکر بیس سال سے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندے کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا۔کندھ کوٹ سے تعلق رکھنے والے جرائم میںملوث افراد نے رینجرز ہیڈکوارٹر میں گرفتاری پیش کر کے ہتھیار بھی جمع کرادیئے ۔ رینجرز ہیڈکوارٹرز سکھرمیں سیکنڈ کمانڈر شہباز رینجرز کرنل امتیاز حسین نے ڈی آئی جی سکھر فیروز شاہ ڈی سی کشمور ڈاکٹر حفیظ ایس ایس پی کشمور سمیع اللہ سردار جلال کلیپر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ کندھ کوٹ کے مختلف جرائم میںملوث اقبال نندوانی سمیت 16 افراد نے مختلف ہتھیار جن میں ایک راکٹ لانچر 12 گولے، ایک ایل ایم جی ایک جی تھری سمیت مختلف ہتھیار اور گولیاں جمع کراکر گرفتاری پیش کردی ہے۔