’’ پریزنٹیشن کے لئے الفاظ کاانتخاب سامعین کی ذہنی سطح کے مطابق ہوناچاہئے‘‘

کراچی(نیوز رپورٹر)وفاقی اردو یونیورسٹی کے شعبہ کیمیا کے تحت"پیش کرنے کی صلاحیت "ـpresentation skillsکے موضو ع پر ہونے والی ایک روزہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے شعبہ کیمیا کے استاد ڈاکٹرعزیزالدین نے کہا کہ کسی بھی پروجیکٹ یا تحقیق سے متعلق پریزینٹیشن تیار کرتے ہوئے یا دیتے ہوئے اس بات کا خیال رکھنا نہایت ضروری ہے کہ وہ دیئے ہوئے وقت کے اندربنائی گئی ہو، رنگوں کا استعمال موضوع کی مناسبت سے کیا گیا ہو اورالفاظ و جملوں کا انتخاب پر اثر اور معیاری ہوتاکہ سامعین نہ صرف اسے بآسانی سمجھ سکیں بلکہ اس سے معلومات حاصل کرکے مستفید بھی ہوسکیں ۔پریزینٹیشن دینے والے میں اس بات کی صلاحیت ہو کہ اسے موضوع سے متعلق بھرپور معلومات حاصل ہوں تاکہ وہ سامعین کے سوالوں کے جوابات دے کر انہیں مطمئن کرسکے۔ پروگرام سے شعبہ کیمیا کی چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر طلعت محمود ،جامعہ کراچی کے شعبہ کیمیا کی ڈاکٹر فردوس عمران علی، فاسٹ یونیورسٹی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے ڈاکٹر رؤف احمد شمس نے بھی خطاب کیا جبکہ رئیس کلیہ سائنس پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق،ٖپروفیسر ڈاکٹر عفت محمود، اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈاکٹر رؤف احمد شمس نے کہاکہ کسی بھی پروجیکٹ کی پریزینٹیشن دیتے ہوئے سب سے پہلا اور اہم کام اپنے انداز بیان سے سامعین کی توجہ اپنی طرف مبذول کرانا ہے اس کے بعد اپنے کام یا تحقیق کو آسان اور موثر الفاظ میں سامعین کی قابلیت اور ذہنی سطح کے مطابق پیش کرنا ہے۔

ای پیپر دی نیشن