عمران نے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی‘ کھل کر کہتے زرداری ان کے لیڈر ہیں: فضل الرحمن

اسلام آباد (آن لائن) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ رکن قومی اسمبلی مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان تضادات کا مجموعہ ہیں، خوا مخواہ پاکستان کے میڈیا نے انہیں لیڈر بنایا ہوا ہے، عمران چیئرمین سینٹ کے انتخاب کے حوالے سے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہے ہیں، کھل کر کہتے کہ زرداری ان کے لیڈر ہیں۔ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے لئے دونوں گروپس کو قریب لانے کی کوشش کررہے ہیں ہمیں کسی نتیجے پر پہنچنے دیں ہم چاہتے ہیں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو کسی ایک متفقہ امیدوار پر لانے کی کوشش کررہے ہیں۔ علاوہ ازیں مولانا فضل الرحمان نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی کے اجلاس میں پاکستانی نمائندے کی غیر حاضری کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالم اسلام کے مسائل کے حل کے لئے پاکستان کو قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے مشرق وسطی اور دنیا کے دیگر خطوں میں مسلمانوں کے خلاف مظالم کا تفصیل سے ذکر کیا اور کہا کہ عرب دنیا کی موجودہ صورتحال گریٹر اسرائیل کی تشکیل کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام میں ایک انسانی المیہ وقوع پذیر ہو رہا ہے اور عالمی اداروں کی رپورٹس کے مطابق چار سے لے کر گیارہ لاکھ شامی مسلمان ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسلمان ایک امت ہیں اور امت کے طور پر ہمیں مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
فضل الرحمن

ای پیپر دی نیشن