آئین کی بالادستی پر سمجھوتہ نہیں کیا، محاز آرائی سے بچنے کیلئے ادارے انا چھوڑ یں: چیئر مین سینیٹ

Mar 10, 2018

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا ہے کہ ہم ذوالفقار علی بھٹو کے نقش قدم پر ہیں کہ گردن کٹا دو، مگر اصولوں پر سمجھوتہ نہ کرو، آج میں جس مقام پر ہوں اس میں میری والدہ اور سیاسی ماں شہید بے نظیر بھٹو کا بڑا کردار ہے۔ فخر ہو گا کہ میرا نام پارلیمان کی بالادستی قائم کرنے والوں میں آئے۔ منصب آنے جانے ہوتے ہیں، کوشش رہی آئین، پارلیمان کی بالادستی پر سمجھوتہ نہ کروں۔ لیڈر آف دی اپوزیشن راجہ ظفر الحق اور معاونت کرنے پر اعتزاز احسن کا شکرگزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ کے پہلے اجلاس میں اثاثے پیش کئے تھے اور وعدہ کیا تھا کہ جاتے ہوئے بھی اثاثے ظاہر کروں گا۔ موازنہ کر لیں 2015ء سے کتنا اضافہ ہوا۔ ہم آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی کی بات کرتے ہیں۔ راجہ ظفر الحق کا شکرگزار ہوں انہوں نے ہر قدم پر سپورٹ اور گائیڈ کیا۔ محاذ آرائی سے بچنے کیلئے اداروں کو اپنی انا سے نکلنا ہو گا۔ ہائوس 103 سینیٹرز کے تعاون کے بغیر چلانا ممکن نہ تھا۔ یہ ایوان اور سیکرٹریٹ ایک مشترکہ قیادت کے طور پر چلایا۔ عملی طور پر اختیارات کو ہائوس بزنس کمیٹی کو منتقل کیا۔ سب سے زیادہ عرصہ رہنے والے سینیٹر الیاس بلور 20 سال بعد ریٹائر ہو رہے ہیں۔ الیاس بلور نے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ میں ایک درویش آدمی ہوں اپنی خودی مارنے کی کوشش کی۔ پارلیمان کی بالادستی کی بات نہ کریں تو ممکن نہیں کہ ہم یہ جنگ جیت سکیں۔
چیئرمین سینٹ

مزیدخبریں