کراچی (کرائم رپورٹر)کراچی میں شارع فیصل پر پولیس فائرنگ سے جاں بحق نوجوان مقصود کی قبر کشائی کے بعد پوسٹ مارٹم کیا جائے گا جس کیلئے ٹیم ساہیوال جائے گی۔ کارساز کے قریب 20 جنوری کو پولیس مقابلہ کے دوران پولیس فائرنگ سے رکشہ میں سوار مقصود جاں بحق جبکہ ڈرائیور زخمی ہوگیا تھا۔ پولیس نے اسے شارع فیصل پر لوٹ مار کرنے والے گروہ کا رکن ظاہر کیا تھا۔ بعدازاں پولیس نے اپنا موقف تبدیل کرکے اسے عام شہری کہا تھا۔ پولیس نے لواحقین کو ہراساں کیا اور نعش پوسٹ مارٹم کے بغیر ہی لواحقین کے حوالے کردی تھی میت کو پنجاب کے شہر ساہیوال کے نواحی گائوں میں سپرد خاک کر دیا گیا تھا۔ مقصود کے لواحقین کراچی آئے اور عدالتی چارہ جوئی کے بعد 18 فروری کو پولیس کے خلاف مقدمہ 91/18 درج کرانے میں کامیاب ہوئے۔ ایف آئی آر میں جن پولیس اہلکاروں کو ملزم نامزد کیا گیا وہ ضمانت پر ہیں۔ اب مقتول کے والد شیرمحمد نے بیٹے کی نعش کا پوسٹ مارٹم کرنے کا مطالبہ کیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیم نے محکمہ داخلہ پنجاب کو خط لکھ دیا گیا ہے اور پولیس پارٹی ساہیوال کے نواحی گائوں جائے گی جہاں قبر کشائی کے بعد مقصود کی نعش کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔