4اپریل کو ذوالفقار علی بھٹو کی برسی گڑھی خدا بخش میں جلسہ ہوگا

Mar 10, 2018

کراچی (سٹاف رپورٹر )پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کونسل کا اجلاس جمعہ کو پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وقار مہدی، راشد ربانی، عاجز دھامرہ، ناصر حسین شاہ، ڈاکٹر سکندر شورو، حمیرا علوانی، نعمان شیخ، ڈاکٹر واحد سومرو، سعید غنی، پیر آفتاب شاہ جیلانی، سید علی نواز شاہ رضوی، ضیاء الحسن لنجار و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں 4 اپریل کو پارٹی کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم قائدعوام ذوالفقار علی بھٹو کی 39ویں برسی کی تیاریوں اور انتظامات، پارٹی کی جاری رکنیت سازی مہم اور مجوزہ نئی حلقہ بندیوں پر غور و خوص کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 4 اپریل کو بھٹو کی 39 ویں برسی نہایت عقیدت اور احترام سے منائی جائے گی۔ اس موقعے پر 4 اپریل کو گڑہی خدا بخش میں جلسہ عام منعقد ہوگا جس سے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پی پی پی پارلییمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری اور دیگر مرکزی رہنما خطاب کریں گے۔ اجلاس میں پارٹی کی جاری رکنیت سازی مہم پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور بھرپور طریقے سے رکنیت سازی مہم چلانے پر عہدیداروں اور کارکنوں کی کاوشوں کو سراہا گیا۔

مزیدخبریں