نوازشریف کو جس بھونڈے انداز سے نکالا گیا اسے قوم نے تسلیم نہیں کیا: چودھری تنویر

Mar 10, 2018

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) ممتاز مسلم لیگی رہنما سینیٹر چودھری تنویر خان نے کہا ہے کہ یہ ملک ہمارا ہے مسلم لیگ نے یہ ملک بنایا ہے گھر کا مالک اسے کبھی خراب نہیں کر سکتا‘ ملک کو بنانے کی طرح ملک کو بچانے والی بھی مسلم لیگ ہی ہے‘ ہم چاہتے ہیں کہ ملکی ادارے مضبوط ہوں اور 22 کروڑ عوام کے فیصلے تسلیم کئے جائیں‘ نواز شریف کو جس بھونڈے انداز سے نکالا گیا اسے پوری قوم نے تسلیم نہیں کیا مگر ہم نے آئین و قانون کی بالادستی کو پیش نظر رکھتے ہوئے وزیراعظم ہاؤس چھوڑ دیا‘ آج ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ سی پیک سمیت ملکی معیشت کو مضبوط کرنے کا سہرا نواز شریف کے سر ہے۔ وہ جمعہ کو شام اپنی اقامت گاہ دانیال پیلس میں ایک بڑے سوشل میڈیا ورکرز کنونشن سے صدارتی خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر دانیال عزیز‘ سابق سینیٹر چودھری جعفر اقبال‘ نومنتخب سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک‘ قومی اسمبلی کے رکن راجہ جاوید اخلاص‘ بیرسٹر دانیال تنویر چودھری‘ شوکت بھٹی‘ حاجی پرویز خان‘ سجاد خان‘ شرجیل میر‘ مرزا منصور بیگ‘ مقبول احمد خان نے بھی خطاب کیا۔ چودھری تنویر خان نے کہا کہ جب نواز شریف کو اللہ تعالیٰ نے اپنے گھر میں بلا لیا تو ہم جیلوں میں گئے اور غیرت مند قوم نے قیادت کا تاج دوبارہ نواز شریف کے سر پر سجانے کا دعویٰ پورا کیا‘ اب بھی ہم نواز شریف کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر ملک کو ترقی کی منزل سے ہمکنار کریں گے‘ ہم یہودی ایجنڈے پر کام کرنے اور مختلف شہروں میں گھوم کر بڑھکیں مارنے والوں کی ضمانتیں ضبط کرا دیں گے۔ جب ہم میدان میں نکلیں گے تو وزارت کے لئے نواز شریف کے قدموں میں بیٹھنے والے کی بڑھکیں بند کر دیں گے۔ انہوں نے کہا ہم چاہتے ہیں ملک میں جوڈیشل اصلاحات ہوں‘ غریب انصاف کے لئے تین نسلوں تک دھکے نہ کھائے۔ دانیال عزیز نے کنونشن کی کامیابی پر چودھری تنویر اور دانیال چودھری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان دونوں نے ہمیشہ مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ کھڑے ہو کر آنے والے دنوں کے لئے مثال قائم کی‘ آج کل پنجاب کے وزیراعلیٰ اور وزراء یک لخت زیر عتاب آ گئے ہیں‘ نواز شریف نے 22 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم کر کے تباہ و بحال معیشت اور زرمبادلہ کے ذخیرے کو بھر دیا‘ اللہ تعالیٰ نے نواز شریف سے بڑا کام لینا ہے وہ ووٹ کی پرچی کی عزت بحال کرنے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں جس سے جمہوریت آگے بڑھے گی۔ دانیال تنویر چودھری نے نواز شریف فورس قائم کرنے‘ سوشل میڈیا ورکرز کو سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ کنونشن ٹریلر ہے‘ ہم نے مشکل وقت میں میاں نواز شریف کا ساتھ دیا‘ مریم نواز کا بھی بھرپور ساتھ دیں گے۔ جعفر اقبال نے کہا کہ میں کارکنوں کو پیشگی مبارکباد دیتا ہوں کہ 2018ء کے الیکشن میں مسلم لیگ کامیاب ہو گی۔ حاجی پرویز خان نے کہا کہ آنے والا وقت مسلم لیگ اور میاں نواز شریف کا ہے۔ سجاد خان نے کہا کہ قوم ماضی کی طرح آئندہ بھی نواز شریف کا بھرپورساتھ دے گی۔

مزیدخبریں