نظریہ پاکستان دراصل نظریہ اسلام، نسل نو کے ذہنوں میں راسخ کیا جائے: شاہد رشید

Mar 10, 2018

لاہور (خبرنگار) نظریۂ پاکستان دراصل نظریۂ اسلام ہے اور اسے نئی نسل کے ذہنوں میں راسخ کریں۔ مسلمانان برصغیر نے قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں جا ن ومال کی لازوال قربانیوں کے بعددوقومی نظریہ کی بنیاد پر پاکستان حاصل کیا ۔یہ ملک عطیۂ خداوندی ہے‘آزادی کی قدر کریں۔ ان خیالات کا اظہار نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہدرشید نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان‘لاہور میں152ویں ویں ایک روزہ نظریاتی تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شاہد رشید نے کہا کہ ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں دو ادارے نظریۂ پاکستان ٹرسٹ اور تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے نام سے کام کر رہے ہیں۔ہمارا بنیادی مقصد پاکستان کے اساسی نظریہ کا فروغ ہے۔ پاکستان آگہی پروگرام کے تحت ہر روز ایک تعلیمی ادارہ ایوان کارکنان تحریک پاکستان اور دوسرا ایوان قائداعظم کا دورہ کرتا ہے۔ اس موقع پر طلبا و طالبات کو تحریک پاکستان کے حوالے سے خصوصی دستاویزی فلم دکھائی جاتی ہے۔ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام قومی ایام اور مشاہیر کے دن نہایت جوش و خروش کے ساتھ منائے جاتے ہیں۔ مختلف تعلیمی اداروں میں ڈیڑھ ہزار سے زائد نظریۂ پاکستان سوسائٹیز کام کر رہی ہیں۔ ہمارے پانچ موبائل یونٹس لاہور کے تعلیمی اداروں میں روزانہ لیکچر دیتے ہیں۔

مزیدخبریں