وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب یک جان دو قالب ہیں سعودی عرب نے ہر اچھے برے وقت میں پاکستان کا بھر پور ساتھ دیا ہے جبکہ امام کعبہ ڈاکٹر الشیخ صالح بن محمد آل طالب نے کہا ہے کہ وہ گزشتہ برس بھی پاکستان آئے تھے لاہور سمیت صوبہ پنجاب کو تیزی سے ترقی کرتا دیکھ کر خوشی ہوئی۔امام کعبہ ڈاکٹر الشیخ صالح بن محمد آل طالب نے ماڈل ٹائون میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔اس موقع پر مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ پروفیسر سینیٹر محمد ساجد میر،ناظم اعلیٰ مرکزی جمیعت اہلحدیث اور وفاقی وزیر برائے مواصلات حافظ ڈاکٹر عبدالکریم، پاکستان میںمتعین سعودی سفیر ایڈمرل(ر) نواف سعید المالکی،مولانا حافظ ابو بکر صدیق اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔امام کعبہ کا ملاقات میں کہنا تھا کہ شہباز شریف عوامی فلاح کے لیے محنت سے کام کررہے ہیں۔پاکستان اور سعودی عرب اسٹرٹیجک پارٹنر ہیں۔دونوں برادر ملکوں کے تعلقات میں روزبروز اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی حکومت،عوام اور پاک افواج کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات تاریخی اور مذہبی لڑیوں میں پروے ہوئے ہیں۔امام کعبہ کے دورہ سے ان تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔شہباز شریف کا کہناتھا کہ پاکستان مسلم امہ کے اتحاد کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔پاکستان کے عوام سعودی عرب سے دلی عقیدت رکھتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے امام کعبہ کی ملاقات,پاکستان اور سعودی عرب یک جان دو قالب ہیں: شہباز شریف
Mar 10, 2018 | 12:19