واشنگٹن(صباح نیوز) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ چین کے ساتھ ڈیل ہوجائے گی ، اگر شمالی کوریا نے میزائل ٹیسٹ دوبارہ شروع کیے تو مایوسی ہوگی۔ وہ وائٹ ہائوس میں صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ ڈیل ہوجائے گیلیکن ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا کہ ڈیل ہو یا نہ ہو، ہر صورت میں امریکہ کی بہتری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان سے اچھے تعلقات ہیں، اگر شمالی کوریا نے میزائل ٹیسٹ دوبارہ شروع کیے تو مایوسی ہوگی۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پال مینا فورٹ کے لیے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس لیے دکھی ہوں کہ ان کے لیے جیل میں مشکل وقت ہوگا۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سابقہ صدارتی مہم کے سربراہ پال مینا فورٹ کو ٹیکس چوری اور بینک فراڈ پر 47 ماہ قید کی سزا سنا ئی گئی ۔