سرینگر (کے پی آئی + نیٹ نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے حریت رہنمائوں کے خلاف کریک ڈائون اور گرفتاریوں کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ سینکڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔ اس موقع پر فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی۔ جموں وکشمیر ماس موومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن منایا جا رہا ہے‘ تاہم کشمیر میں فوج اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے خواتین پر ظلم و جبر کا سلسلہ جاری ہے اور وہ انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا شکار ہیں۔ عوامی اتحاد پارٹی اے آئی پی کے سربراہ انجینئر رشید نے کہا ہندوستان کی سیاسی جماعتیں کشمیر مسئلہ کے حوالے سے پورے ملک کو گمراہ کر رہی ہیں اور اصل حقائق کو مسخ کیا جا رہا ہے۔ سری نگر کی عدالت نے اسلامی تنظیم آزادی کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی کے مقدمے کی سماعت 27 مارچ تک ملتوی کردی ہے۔ تھرڑایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سرینگر کی عدالت میں گزشتہ روز مقدمے کی سماعت ہوئی‘ تاہم عبدالصمد انقلابی کو پیش نہیں کیا گیا۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی ترجمان نے سیاسی لیڈران اور کارکنان کی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ نئی دہلی نے پہلے ہی فریڈم پارٹی چیئرمین شبیر شاہ کو سلاخوں کے پیچھے ڈال کر دیکھ لیا کہ یہ ایک فضول عمل ہے۔ مسلم لیگ جموں وکشمیر کے محبوس چیئرمین مسرت عالم بٹ کی جیل سے رہائی ناممکن بنانے کیلئے فارسٹ کورٹ میں بھی ایک مقدمہ شروع کر دیا گیا ہے۔سری نگر ( نوائے وقت رپورٹ) بھارتی تحقیقاتی ایجنسی کی حریت رہنمائوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں جاری ہیں ، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق کو جھوٹے کیس میں پوچھ گچھ کے لئے پیر کو نئی دہلی طلب کر لیا گیا ہے ، حریت رہنما سید علی گیلانی کے بیٹے ڈاکٹر نسیم گیلانی کو بھی پیر کو نئی دہلی بلوایا گیا ہے ۔ بھارتی تحقیقاتی ایجنسی نے 26فروری کو حریت رہنمائوں کے گھر پر چھاپے بھی مارے تھے ۔ ایف آئی اے نے جھوٹے مقدمات میں کئی حریت رہنمائوں کو گرفتار بھی کیا ہوا ہے ، گرفتار رہنما یاسین ملک کو جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں قید تنہائی میں ڈال دیا گیا ہے۔بھارتی فوج نے ضلع شوپیاں کے کئی علاقوں کا محاصرہ کیا ، گلزارپہلوان، یاسین بٹ ، شوکت بخشی، بشیربویا سمیت بیسیوں رہنمائوں کو پکڑ لیا۔مقبوضہ کشمیر میں سری نگر کے علاقے پارمپورہ میں سڑک کے ایک حادثے میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس( سی آر پی ایف ) کے ایک سب انسپکٹر سمیت سات اہلکار زخمی ہوگئے، زخمیوں میں سے تین کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل سنجیو کمار ، کانسٹیبل چندرا پرکاش اور کانسٹیبل دمروگوگوئی کے طور ہوئی ہے ۔ دو زخمی اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔