نیب نے شاہد خاکان سے اثاثوں کی تفصیلات مانگ لیں، زرداری، فریال اور بلاول کی طلبی کا بھی فیصلہ

Mar 10, 2019

لاہور،اسلام آباد (آئی این پی + صباح نیوز+نوائے وقت رپورٹ) قومی احتساب بیورو نے ایل این جی کرپشن کیس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے 26 مارچ تک اثاثوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ نیب راولپنڈی نے شاہد خاقان عباسی کے اثاثوں کی بھی چھان بین شروع کر دی ہے۔ سابق وزیراعظم کو جاری نیب کے نوٹس میں کہا گیا شاہد خاقان عباسی ایل این جی کرپشن کیس میں اپنا تحریری جواب جمع کرائیں۔ جواب کے ساتھ اثاثوں کا دستاویزی ریکارڈ فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ نوٹس میں شاہد خاقان عباسی کو تنبیہ کی گئی ہے کہ نیب سے عدم تعاون پر انہیں سزا ہو سکتی ہے۔دریں اثناء نیب نے جعلی اکائونٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری‘ بلاول بھٹو‘ فریال تالپور کو طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بھی رواں ماہ طلب کیا جائے گا۔ جعلی بنک اکائونٹس کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق کیس کے تمام فریقین کو نیب کے دفتر طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ملزمان کو آئندہ ہفتے طلبی کے نوٹس جاری کئے جائیں گے۔ ملزمان کا بیان ریکارڈ کرنے کے علاوہ تحریری جواب طلب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ قومی احتساب بیورو کی جے آئی ٹی نے سوالنامہ تیار کر لیا۔

مزیدخبریں