لاہور+کراچی(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپرلیگ فور کا میلہ کراچی میںسج گیا۔پہلے میچ سے قبل شائقین کرکٹ کی نیشنل سٹیڈیم میں آنے کیلئے لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔ کراچی پولیس کی جانب سے شائقین کو دو گھنٹے پہلے پہنچنے کی ہدایت کی گئی تھی۔سٹیڈیم آنے والوں کیلئے پارکنگ ایریازچار یونیورسٹی روڈ پراور ایک ڈالمیاروڈ پربنایا گیا ۔ اصل شناختی کارڈرکھنے والے شائقین کو تلاشی کے بعدپارکنگ سے شٹل سروس کے ذریعے سٹیڈیم تک پہنچایا گیا ۔مجموعی طورپر13 ہزار1 ایک سوبارہ پولیس افسران و اہلکارتعینات کیے گئے ہیں۔ شائقین کو ٹکٹ اور اصل شناختی کارڈ ساتھ رکھنا لازمی ہوگا جبکہ کھانے پینے اور خواتین کے ہینڈ بیگ لانے پر پابندی عائد کی گئی ہے لیکن موبائل فون ساتھ لے جاسکتے ہیں۔نیشنل سٹیڈیم میں میچزدیکھنے والے شائقین کو پارکنگ سے شٹل سروس کے ذریعے سٹیڈیم کے قریب پہنچایاگیا۔سٹیڈیم کے دروازے دوپہر 12 بجے کھول دیے گئے اور شام 5 بجے بند کر دیے گے۔ سٹیڈیم میں سیاسی نعرے بازی پر پابندی عائد کی گئی ۔ شائقین صرف ٹیموں اور پاکستان کے جھنڈے ساتھ لاسکیں گے۔ نیشنل سٹیڈیم میں90سٹالز قائم کئے گئے جہاں دیسی اور فاسٹ فوڈ کھانے دستیاب تھے۔سٹیڈیم میں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم قائم ہے جہاں پورے سٹیڈیم اور اطراف کے علاقوں کی نگرانی کی جارہی ہے۔ پی ایس ایل کے 27 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو49رنز سے شکست دے کر فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا ۔ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان فخرزمان نے ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔یونائیٹڈ نے ڈیلپورٹ کی شاندار سنچری اور آصف علی نصف سنچری کی بدولت پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور 238 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا۔یونائیٹڈ کے لیے آغاز اچھا نہ رہا اور پہلی ہی گیند پر رونکی کیچ آؤٹ ہوگئے ۔ 32 کے مجموعے پر سالٹ 10 رنز بنا کر چلتے بنے ، والٹن اور ڈیلپورٹ نے 118 رنز کی قیمتی پارٹنرشپ قائم کرکے ٹیم کہ نہ صرف سنبھالا بلکہ بڑے سکور کی بنیاد بھی رکھی۔والٹن 150 کے مجموعے پر 48 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ ڈیلپورٹ نے49 گیندوں پر سنچری بنائی ،انہوں نے 117 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، 13 چوکے اور 6 چھکے لگائے۔آصف علی نے 17 گیندوں پر نصف سنچری بنائی ‘انہوں نے 21 گیندوں پر 55 رنز بنائے نصف درجن چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے 3وکٹوں پر 238 رنز بنائے جو کہ پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور ہے۔شاہین آفریدی، لامی چانے اور ڈیوڈ وائز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔لاہور قلندر کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 9وکٹوں پر189رنز بناسکی ۔ کپتان فخر زمان اڑتیس ‘ڈیوکیچ اٹھارہ ‘وائز بیس‘حارث سہیل صفر ‘ڈیوڈ وائز بارہ ‘آغا سلمان تین ‘شاہین شاہ آفریدی ایک ‘حارث رئوف سات رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ سہیل اختر نے 75رنز کی اننگز کھیلی جس میں آٹھ چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے ۔ فہیم اشرف نے 19رنز کے عوض 6کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔