بھارتی حکومت اوربھارتی میڈیا عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے لیےغلط معلومات پھیلانا بند کریں:ترجمان  دفتر خارجہ

ترجمان  دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل  نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت اور بھارتی میڈیا عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے لیے غلط معلومات پھیلانا بند کریں۔پاک بھارت کشیدگی کے معاملے پر  انہوں نے ایک  بیان   میںکہا   کہ بھارتی حکومت اور میڈیا عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے لیے غلط معلومات پھیلا رہے ہیں، بھارت اپنی ناکامی اور شرمندگی چھپانے اور مقامی سیاسی فوائد کے لیے جھوٹا پروپیگنڈا کر رہا ہے۔انہوں  نے کہا کہ پاکستان نے پلوامہ حملے کے الزام کو مسترد کیا، پلوامہ حملہ ایل او سی سے دور ہوا جس میں مقامی بارود اور گاڑی استعمال ہوئی اس کے باوجود وزیر اعظم نے تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے 26 فروری کو عالمی قوانین کی خلاف وزری کرتے ہوئے بالاکوٹ میں حملے کی کوشش کی جواب میں 27 فروری کو پاکستان نے اپنے دفاع کا حق استعمال کیا اور پاکستان نے اپنی فضائی حدود سے نان ملٹری اہداف کو نشانہ بنایا جس میں پاکستان نے جان بوجھ کر جانی و مالی و نقصان نہیں کیا، بھارتی طیاروں نے دوسری مرتبہ بھی پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تاہم پاک فضائیہ نے ان طیاروں کا مار گرایا اور بھارتی پائلٹ کو گرفتار بھی کیا۔بھارت کی جانب سے دو بار پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے بعد ڈوزئیر دیا گیا جس کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے اور مجوزہ طریقہ کار سے جواب دیا جائے گا، پاکستان نے موجودہ صورتحال میں سنجیدگی سے ردعمل دیا، بھارتی جارحیت کے باوجود سیاسی محاذ پر بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ  نیشنل ایکشن پلان کے تحت انتہاپسندی کو جڑ سے اکھاڑنے کی کوششیں جاری ہیں تاہم داخلی سیاسی مفاد کی خاطر حالیہ اقدامات کو پلوامہ سے جوڑنا بھارتی ایجنڈے کا  حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ  بھارت انسداد دہشت گری کے اقدامات کے نام پر کشمیریوں کی جدو جہد آزادی کو دبا رہا ہے، عالمی برادری بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے روکے۔ انہوں نے کہا کہ قابض انتظامیہ مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گن کے ذریعے خواتین، بچوں اور نوجوانوں کو اندھا کر رہی ہے جب کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیر کشمیریوں کو لا کر آبادی کا توازن بگاڑ رہا ہے۔  انہوں نے کہا  کہ پاکستان حق خودارادیت کے لیے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جائز جدوجہد کی مکمل حمایت کرتا ہے اور جموں کشمیر کے عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداداوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن