کچھ بھی ہو جائے بجلی ، گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کمی کرینگے: عمران

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے بجلی اور گیس کی قیمتیں نہ بڑھانے بلکہ کم کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا کہ ہمارے لوگ اب مزید بوجھ برداشت نہیں کرسکتے، ہم نے فیصلہ کیا ہے ہم ہر وہ کام کریں گے جس سے بجلی کی قیمت کم ہو، بجلی بنانے والی کمپنیوں سے بات چیت کریں گے۔ دنیا کا کوئی ملک اس لئے غریب نہیں ہوتا کہ اس کے پاس وسائل نہیں بلکہ ملک غریب تب ہوتا ہے جب حکمران ملک کو لوٹتے ہیں اور پیسہ چوری کرکے باہر لے جائیں۔ عوام کبھی اس پارٹی کو ووٹ نہ دیں جس کے سربراہ کے ملک سے باہر بڑے محلات اور بزنس ہوں۔ آپ نے تماشہ دیکھا ہے سارا ٹبر باہر بیٹھا ہوا ہے، یہ کس چیز سے ڈر رہے ہیں، جب پاناما پر ہاتھ ڈالا تو مجھ پر انتقامی کارروائی شروع کی گئی لیکن میں نے چالیس چالیس سال پرانے کاغذات عدالت میں جمع کرائے۔ میں تو باہر نہیں بھاگا۔ جب انسان چوری نہیں کرتا اسے لندن بھاگنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ صرف ملک اس لئے آگے نہیں بڑھ سکتا کہ اوپر کے چوروں نے سارا نظام کرپٹ کیا۔ اس لیے ٹیلنٹ باہر چلا گیا۔ پیر کو مہمند میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مہمند میں زیتون کے باغات لگا ئیں گے، ہمارے قبائلی علاقے زیتون کے لیے بہترین ہیں۔ اس سے ہمیں باہر سے تیل منگوانے کی ضرروت نہیں پڑے گی، مہمند میں تھری جی اور فور جی سروس شروع کریں گے۔ قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہمارا احساس پروگرام مدینہ کے ماڈل پر ہے۔ قبائلی عوام باقی دیگر پاکستانیوں سے پیچھے رہ گئے، یہاں غربت اور بیروزگاری ہے، اب انہیں ترقی دینے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی تقریر نہیں، یہ میرا دینی فرض ہے۔ عمران خان کا کہنا تھاکہ کفالت کا پروگرام 2 ہزار روپے ماہانہ سے مہمند سے شروع کررہے ہیں، مہمند کے اڑھائی ہزار نوجوانوں نے اسکالر شپ کے لیے درخواست دی ہے جنہیں پہلے موقع دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے علم ہے کہ قبائل پر کس طرح کا وقت گزرا، میں واحد آدمی تھا جو قبائلی علاقے کی بات کرتا تھا، اب آ پ کے لیے سب سے اچھی چیز یہ ہے کہ اس علاقے کے نمائندے اسمبلی میں ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ ہم قرضوں کے دھندے میں پھنسے ہوئے ہیں لیکن فیصلہ کیا ہیکہ بجلی کی قیمتیں مزید نہیں بڑھائیں گے، ہمارے لوگ اب بوجھ برداشت نہیں کرسکتے، فیصلہ کیا ہے ہر وہ کام کریں گے جس سے بجلی کی قیمت کم کریں، بجلی بنانے والی کمپنیوں سے بات چیت کریں گے، جس وجہ سے بجلی مہنگی ہے ہر وہ قدم اٹھائیں گے جس سے بجلی سستی ہو، ہم نے اپنے لوگوں اور انڈسٹڑی پر بوجھ نہیں ڈالیں گے۔ لیکن ہم نہیں خرید سکتے لیکن جو بھی ہوجائے گیس اور بجلی کی قیمت نہیں بڑھائیں گے بلکہ کم کریں گے۔عمران خان کہا کہ کوئی فکر نہ کرے ،مشکل وقت سے گزر گئے ہیں، 2019 سب سے مشکل وقت تھا، اب اچھا وقت آئیگا، ہم مہنگائی پر قابو پاگئے ہیں۔وزیراعظم نے اعلان کیا کہ آٹا اور چینی کے بحران میں جن لوگوں نے ذخیرہ اندوزی کرکے پیسہ بنایا، وعدہ کرتا ہوں انہیں نہیں چھوڑوں گا، رپورٹ آنے والی ہے سب کو سزائیں دیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ اللہ کے نزدیک مشکل وقت میں صبر انسان کی بہترین صفت ہے، قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، ظالم انتہا پسند مودی کا آر ایس ایس کا نظریہ مسلمانوں سے نفرت کانظریہ ہے، دعا کرتے ہیں اللہ کشمیریوں کو صبر کی توفیق دے، آنے والے دنوں میں اس ظلم سے ہمارے کشمیریوں کو آزاد کرے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...