پاکستان میں ہندو برادری نے ہولی منائی، عمران، شہبازو دیگر کی مبارکباد

Mar 10, 2020

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان اور چیئر مین صادق سنجرانی نے ہندو برادری کو ہولی کے تہوار کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے اسے رنگوں کا تہوار قرار دیا اور نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ پیر کو ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والوں نے ہولی منائی۔ پاکستان میں بسنے والی ہندو برادری بھی نے اپنی خصوصی عبادات اور تقاریب کا اہتمام کیا، اس موقع پر ایک دوسرے پر رنگ پھینک کر مسرت کا اظہار کیا جاتا ہے۔ ہولی کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ہندو برادری کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں رہنے والی ہندو برادری کو ہولی کا رنگوں بھرا تہوار مبارک ہو۔ وزیراعظم پاکستان نے اپنے پیغام میں کہا کہ دعا ہے کہ یہ تہوار ہماری ہندو برادری کیلئے فرحت و سلامتی کا وسیلہ بنے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں رہنے والی ہندو برادری کو ہولی کے تہوار پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ محبت اور رنگوں کے دن کا مقصد نفرت اور برائی کا خاتمہ ہے، ہمیں انسانوں کے خلاف اور ظلم کرنے والوں کی سوچ کو بدلنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندو برادری کیلئے ہولی کا تہوار خوشیوں کا باعث ہے اور اس موقع پر انہیں خیرسگالی کا پیغام دیتے ہیں، قیام پاکستان میں غیر مسلموں کا ناقابل فراموش کردار ہے، پاکستان میں غیر مسلم پاکستانی مساوی شہری ہیں، ہم سب نے مل کر ہی پاکستان کو آگے ترقی کی منزل تک لے جانا ہے۔

مزیدخبریں