کراچی(نوائے وقت رپورٹ) سعودی حکام کی جانب سے عمرہ ادائیگی کے لیے رواں ماہ کے آخر تک اجازت دیے جانے کا امکان، جس کے بعد عمرہ زائرین سعودی عرب مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ جاسکیں گے۔ عمرہ ادائیگی پر عارضی طور پر پابندی اس لیے عائد کی ہے کہ سعودی عرب میں 5 بین الاقوامی ایئر پورٹس پر قرنطینہ اور مکمل اسپتالوں کو فعال کیا جا رہا ہے، سعودی عرب سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سعودیہ کے شہر جدہ، مدینہ، ریاض، دمام، ابھا اور جازان میں واقع ان ایئرپورٹس میں مکمل طبی سہولتوں کی فراہمی کے انتظامات کر رہی ہے، اس سلسلے میں سعودی حکام ایئر پورٹس پر ممکنہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے تمام تر حفاظتی اقدامات میں مصروف ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ چند ہی روز میں ان تمام ایئرپورٹس پر طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنا دیا جائے گا۔ سعودی حکام کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندی کو جلد ہی ختم کیے جانے کا امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سعودی حکام تمام بین الاقوامی ایئرپورٹس پر مکمل فول پروف اقدامات کر رہے ہیں۔ ہر ایئر پورٹ کے ساتھ اسپتال اور قرنطینہ اور تھرمو اسکینرز بھی نصب کردیے گئے ہیں جہاں مشتبہ افراد کو مکمل چیک کرنے کے بعد مکہ جانے کی اجازت دی جائے گی۔