سعودی شاہ سلمان کی کرونا وائرس کی مد میں ڈبلیو ایچ او کوایک کروڑ ڈالرامداد دینے کی ہدایت

سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دنیا میں پھیلنے والے مہلک کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) کو مالی امداد کے طور پر ایک کروڑ ڈالر مہیّا کرنے کی ہدایت کی ہے۔

شاہ سلمان نے یہ حکم ڈبلیوایچ او کی ایک اپیل کے جواب میں دیا ہے۔اس ادارے نے دنیا کے ممالک پر زوردیا ہے کہ وہ اس مہلک وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کردیں۔

شاہی دیوان کے مشیراور شاہ سلمان انسانی امداد اور ریلیف مرکز کے نگرانِ اعلیٰ عبداللہ بن عبدالعزیزالربیعہ نے سعودی پریس ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ یہ اعلان سعودی عرب کی انسانی امور کی خدمت میں اپنے وسائل کو بروئے کارلانے کے لیے گہری دلچسپی کا مظہر ہے۔‘‘

قبل ازیں سعودی وزارت صحت نے سوموار کی صبح کرونا وائرس کے چار نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔اس کے بعد مملکت میں اس مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد پندرہ ہوگئی ہے۔

کرونا وائرس کا شکار ہونے والے گیارہ سعودیوں نے حال ہی میں ایران کا سفر کیا تھا اور وہ ایران سے بحرین اور کویت کے راستے مملکت میں داخل ہوئے تھے۔باقی چار افراد نے ایران سے آنے والے ان افراد سے براہ راست میل جول رکھا تھا اور اس وجہ سے وہ بھی اس مہلک وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔

سعودی عرب نے حفظ ماتقدم کے طور پر مشرقی شہر القطیف کو ملک کے باقی حصوں سے الگ تھلگ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ لوگوں کی آمدورفت کی وجہ سے کورنا وائرس ملک کے دوسرے علاقوں تک نہ پھیل سکے۔واضح رہے کہ اب تک سعودی عرب میں کرونا وائرس کے تمام کیس اسی شہر یا صوبہ (القطیف) میں رپورٹ ہوئے ہیں۔
 

ای پیپر دی نیشن