ہالی ووڈ کے شہرہ آفاق اداکار آرنلڈ شوازینگر نے ایک روسی روبوٹک کمپنی پر اپنا ہم شکل روبوٹ بنانے پر مقدمہ دائر کردیا۔ معروف اداکار اور امریکی ریاست کیلی فورنیا کے سابق گورنر آرنلڈ شوازینگر نے روس کی ایک روبوٹک کمپنی پر 10 ملین ڈالر کا مقدمہ دائر کیا ہے، شوازینگر کا کہنا ہے کہ کمپنی کا بنایا گیا روبوٹ ان سے ملتا جلتا ہے۔روبوٹ شوازینگر کا صرف ہمشکل ہی نہیں بلکہ اس کا نام بھی یہی رکھا گیا ہے۔کمپنی کے مطابق ان کے تیار کیے گئے روبوٹ مختلف مشہور شخصیات سے مشابہت رکھتے ہیں اور اپنے اندر منفرد خصوصیات رکھتے ہیں۔ جیسے اداکارہ مارلن منرو کا روبوٹ مہمانوں کا استقبال کرے گا، ولیم شیکسپیئر کا روبوٹ بچوں کو کہانیاں سنائے گا، اور کرسٹیانو رونالڈو کا روبوٹ گھر کا اسمارٹ سسٹم کنٹرول کرے گا۔ کمپنی کے مطابق شوازینگر کا روبوٹ مہمانوں کا استقبال کرے گا، لائٹ کھول سکے گا اور الیکٹرک کیٹل آن کر سکے گا۔کمپنی کا کہنا ہے کہ انہوں نے شوازینگر سے کئی بار درخواست کی تھی کہ وہ اس روبوٹ کی تیاری کے لیے ایک عدد تصویر کھنچوائیں لیکن انہوں نے منع کردیا۔اب اپنے مقدمے میں شوازینگر نے کہا ہے کہ کمپنی کو ان کا ہم شکل روبوٹ استعمال کرنے سے روکا جائے، فی الوقت کمپنی ان کے ہم شکل روبوٹ کی تشہیر کر رہی ہے۔
آرنلڈ شوازینگر کا اپنا ہم شکل روبوٹ بنانے پر روسی کمپنی پر مقدمہ
Mar 10, 2020 | 14:23