پی ایس ایل: لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو پانچ وکٹوں سے شکست دیدی 

Mar 10, 2020 | 22:56

چودھری اشرف

لاہور(چودھری اشرف) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے 23 ویں میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو پانچ وکٹوں شکست دیدی۔ پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوور کے کھیل میں شعیب ملک اور حیدر علی کی نصف سنچری کی مدد سے 7 وکٹوں پر 187 رنز سکور کیے جواب میں لاہور قلندرز نے ہدف 19.5 اوورز میں پورا کر کے دو قیمتی پوائنٹ حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر 8 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔ لاہور قلندرز کی جانب سے کرس لین اور فخر زمان نے نصف سنچریاں سکور کیں۔

تفصیلات کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے 23 ویں میچ میں لاہور قلندرز ٹیم کے کپتان سہیل اختر نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پشاور کی جانب سے کامران اکمل اور ٹام بیٹن نے اننگز کا آغاز کیا۔ لاہور کو دوسری ہی گیند پر اس وقت کامیابی ملی جب پشاور زلمی کے ٹام بیٹن لاہور کے شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے حفیظ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ لاہور قلندرز کو دوسری وکٹ کامران اکمل کی ملی جنہیں صرف چار کے انفرادی سکور پر سمت پٹیل کی گیند پر حارث روف کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ 24 کے ٹوٹل پر پشاور زلمی کی تیسری وکٹ لائم لونگسٹن کی گری جنہیں سمت پٹیل نے فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آوٹ کیا۔ حیدر علی اور پاکستان ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے وکٹ پر لاہور کے باولرز کا ڈٹ کر سامنا کرنا شروع کیا۔ نوجوان کھلاڑی حیدر علی نے 31 گیندوں پر تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے پچاس رنز مکمل کیے۔ دونوں جانب شعیب ملک نے بھی 39 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کر لی۔ شعیب ملک نے 6 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 116 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی جس کا خاتمہ 140 کے سکور پر اس وقت ہوا جب شعیب ملک لاہور کے ڈیوڈ ویزے کو بڑی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ پشاور زلمی کی پانچویں وکٹ گریگری کی گری جو 8 رنز بنانے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ آوٹ ہوئے۔ لاہور کے خلاف جارحانہ اندار سے بیٹنگ کرنے والے حیدر علی 43 گیندروں پر چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 69 رنز بنا کر دلبر حسین کی گیند پر وکٹ کیپر ڈنک کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ 169 کے سکور پر پشاور ٹیم کے کپتان وہاب ریاض صرف ایک رن بنانے کے بعد شاہین آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ آوٹ ہو گئے۔ شاہین آفریدی کی میچ میں تیسری وکٹ تھی۔ مقررہ بیس اوورز 7 وکٹوں پر 187 رنز سکور کیے۔ برتھویٹ 16 اور حسن علی ایک رن کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ لاہور کی جانب سے باولنگ میں شاہین شاہ آفریدی نے 28 رنز کے عوض تین، سمت پٹیل نے 37 رنز کے عوض دو، دلبر حسین نے 38 رنز کے عوض ایک جبکہ ڈیوڈ ویزے نے 31 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔

188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی جانب سے سہیل اختر اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں پچاس رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ اس موقع پر لاہور ٹیم کے کپتان سہیل اختر 21 کے انفرادی سکور پر رن آوٹ ہو گئے۔ کرس لین نئے کھلاڑی میدان میں آئے جنہوں نے فخر زمان کے ساتھ ملکر لاہور کے 100 رنز 11.3 اوورز میں مکمل کر لیے۔ دوسری جانب فخر زمان نے رواں پی ایس ایل کی پہلی نصف سنچری مکمل کی۔ انہوں نے اپنے پچاس رنز 35 گیندوں پر تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے مکمل کیے۔ لاہور کا سکور 133 پر پہنچا تو اس موقع پر کرس لین نے بھی اپنی نصف سنچری سکور کی۔ کرس لین نے 27 گیندوں پر چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 50 رنزبنائے۔ لاہور کو دوسرا نقصان 146 کے سکور پر کرس لین کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ کرس لین کو 59 کے انفرادی سکور پر برتھویٹ کی گیند پر یاسر شاہ نے کیچ آوٹ کیا۔ کرس لین نے 36 گیندوں کا سامنا کیا جس میں انہوں نے 6 چوکے اور تین چھکے لگائے۔ فخر زمان اور کرس لین کے درمیان 96 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ کرس لین کے بعد جلد ہی فخر زمان بھی 63 رنز بنا کر پشاور زلمی کے وہاب ریاض کی گیند پر یاسر شاہ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ 158 کے ٹوٹل پر لاہور کو چوتھا نقصان محمد حفیظ کی وکٹ صورت میں اٹھانا پڑا جب حفیظ برتھویٹ کو شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کور میں کھڑے گریکوری کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ حفیظ نے صرف چار رنز بنائے۔ گذشتہ دو میچوں میں لاہور قلندرز کو فتح دلوانے والے بین ڈنک پشاور زلمی کے خلاف صرف سات رنز بنا سکے۔ 160 کے سکور پر لاہور کے پانچ وکٹیں گر گئیں۔ ڈیوڈ ویزے اور سمت پٹیل کے درمیان پانچویں وکٹ کی شراکت میں 29 رنز کی ناقابل شکست پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ ڈیوڈ ویزے نے اپنی ناقابل شکست 17 رنز کی اننگز میں دو چھکے لگائے جبکہ ان کے ساتھ سمت پٹیل 11 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ کارلوس برتھویٹ نے تین اور وہاب ریاض نے ایک وکٹ حاصل کی۔

مزیدخبریں