اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں جسٹس عامرفاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل تین رکنی بنچ نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق عالمی عدالت انصاف کے فیصلہ پر عمل درآمد اور وزارت قانون کی جانب سے بھارتی جاسوس کو وکیل فراہم کرنے کی درخواست میں اٹارنی جنرل آف پاکستان کی عدم موجودگی کے باعث سماعت ملتوی کردی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق محمود کھوکھر اور ڈپٹی اٹارنی جنرل سید محمد طیب شاہ عدالت میں پیش ہوئے اور بتایاکہ اٹارنی جنرل خالد جاوید خان کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث قرنطینہ میں ہیں، عدالتی استفسار پرایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایاکہ عدالت نے یکم دسمبرکے آرڈر میں کہا تھا کہ بھارت کو کوئی تحفظات ہیں تو بھارتی ہائی کمیشن کے وکیل آگاہ کریں،عدالت نے کہاکہ پاکستانی حکومت نے پانچ بھارتی قیدی رہا کئے، بھارتی حکومت کیا پاکستانی اقدامات سے مطمئن ہے یا نہیں؟، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ بھارتی ہائی کمیشن کے وکیل نے پہلے پانچ قیدیوں کی رہائی کی شرط رکھی تھی،پانچ قیدیوں کی رہائی کے بعد کلبھوشن کیس کی پیروی پر غور کا کہا گیا تھا،حکومت پاکستان پانچوں بھارتی قیدی رہا کر چکی ہے،بھارتی ہائی کمیشن کے وکیل شاہ نوازنون نے ابھی تک جواب نہیں دیا،عدالت نے بھارتی ہائی کمیشن کے وکیل کو طلب کرتے ہوئے سماعت 8 اپریل تک ملتوی کر دی۔
کلبھوشن یادیو سے متعلق درخواست ، اٹارنی جنرل کی عدم موجودگی پر سماعت ملتوی
Mar 10, 2021