ملتان(سپورٹس ڈیسک) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی شائقین کیلئے بھارتی سرحدیں کھلنے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق ویزے نہ ملنے کی وجہ سے پاکستانی ویمن ٹیم کا دورئہ بھارت منسوخ ہو گیا تھا، اس بدمزگی کے بعد رواں سال اکتوبر، نومبر میں شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل پی سی بی کرکٹرز اور معاون سٹاف کیساتھ صحافیوں اور شائقین کیلئے بھی بھارت کی جانب سے ویزوں کی یقین دہانی چاہتا ہے۔چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں تحریری یقین دہانی نہ کروائی گئی تو ہم آئی سی سی سے میگا ایونٹ بھارت سے متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کا مطالبہ کرنے میں حق بجانب ہونگے ۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اب اس ضمن میں مثبت پیش رفت کا امکان بڑھ گیا ہے۔ ایک بی سی سی آئی آفیشل کا کہنا تھا کہ ویزوں کا اجرا حکومتی صوابدید ہے، اجازت مل گئی تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، دوسری طرف ہمیں یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے غیر معمولی حالات ہیں، ان حالات میں کوئی ملک شائقین کو ویزے جاری کرنے کے حوالے سے یقینی طور پر کچھ نہیں کہہ سکتا۔