وزیراعظم سے ملاقات بلوچستان سے آزاد منتخب سینٹرعبدالقادر تحریک انصاف میں شامل

Mar 10, 2021

اسلام آباد (آئی این پی) بلوچستان سے آزاد حیثیت میں منتخب سینیٹر محمد عبدالقادر نے یہاں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت اختیار کرلی، عبدالقادر بلوچستان سے سینیٹ انتخابات میں سب سے زیادہ 11ووٹ حاصل کرنے والے سینیٹر ہیں۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے معروف کاروباری شخصیت اور سینیٹ انتخابات 2021میں بلوچستان سے آزاد حیثیت میں منتخب سینیٹر محمد عبدالقادر نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی، محمد عبدالقادر کو سینیٹ انتخابات سے قبل وزیراعظم عمران خان نے سینیٹ الیکشن کیلئے تحریک انصاف کا ٹکٹ دیا تھا لیکن تحریک بلوچستان کے رہنمائوں کی جانب سے احتجاج کے بعد عبدالقادر سے ٹکٹ واپس لے لیا گیا تھا اور تحریک انصاف کی  جانب سے ظہور آغا کو پارٹی ٹکٹ جاری کیا گیا جبکہ عبدالقادر کو بلوچستان عوامی پارٹی کی جانب سے اپنا امیدوار بنانے کا اعلان کیا گیا لیکن انتخابات میں عبدالقادر نے آزاد حیثیت سے ہی سینیٹ انتخاب لڑا اور تحریک انصاف نے اپنے امیدوار ظہور آغا کو الیکشن سے دستبردار کروادیا گیا، عبدالقادر آزاد حیثیت میں بلوچستان سے سینیٹ الیکشن سب سے زیادہ گیارہ ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہوئے۔عبدالقادر نے تحریک انصاف کا ٹکٹ واپس لینے پر کہا تھا کہ عمران خان کا ورکر ہوں اور ان کے ساتھ رہوں گا۔

مزیدخبریں