کراچی (وقائع نگار)چیئرمین سینیٹ کے الیکشن سے قبل بڑے پیمانے پر سیاسی رابطوں اور سیاسی جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے منگل کو وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے بلوچستان عوامی پارٹی(باپ ) ایک وفد کے ہمراہ حروں کے روحانی پیشوا اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صاحب پگارا سے ان کی رہائش گاہ کنگری ہائوس میں ملاقات کی اس موقع پر صدرالدین شاہ راشدی اور دیگر بھی موجود تھے،ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال اور آئندہ چندروز بعد ہونے والے چیئرمین سینیٹ کے الیکشن سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے سینیٹ انتخابات میں جی ڈی اے کے ساتھ ہونے والی زیادتی پر تشویش کا اظہارکیا ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات پر افسوس کہ سینیٹ انتخابات میں پیسے کی ریل پیل ہوتی رہی،جام کمال نے کہا کہ یہ ہماری قومی سیاست کی بدقسمتی ہے کہ لوگ شارٹ کٹ اور سائیڈ کٹ کے چکر میں رہتے ہیں،پیر صاحب پگارا نے کہا کہ ہم نے کسی منصب اور عہدے کے لالچ کے بغیر ہمیشہ قومی مفاد اور فیڈریشن کے استحکام کے لئے سیاست کی ہے موجودہ حکومتی اتحاد میں بھی اسی اصول کی بنیاد پر شامل ہوئے ہیں۔ انہوں نے موجودہ حکومت کی اتحادی جماعت کی حیثیت سے اس کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیادونوں پارٹیوں کے رہنماؤں نے ملک خصوصاً سندھ میں گورننس مسائل اور دیگر معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔