اسلام آباد: وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔ دو ہفتے کے بعد ہونے والے ای سی سی اجلاس میں 20 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا، اجلاس میں یوٹیلیٹی سٹور پر 6 ارب 37 کروڑ روپے لاگت کے رمضان المبارک ریلیف پیکیج کی منظوری دی جائے گی، خریف کی فصلوں کیلئے یوریا کھاد کی ضروریات کا جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس کے ایجنڈے میں طورخم سے کپاس کی درآمد کی اجازت سمیت پیٹرولیم مصنوعات پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز مارجن پر نظر ثانی شامل ہے۔اس کے علاوہ بجلی پیداواری کمپنیوں کے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز پر بھی فیصلہ کی منظوری دی جائے گی، وزارت بجلی نیب کی طرف سے آئی پی پیز کے ساتھ معائدوں پر تحقیقات پر بریفنگ دے گی، رواں مالی سال بجلی سبسڈی میں 117 ارب روپے اضافے پر غور کیا جائے گا، حکومت نے رواں مالی سال کے بجٹ میں بجلی کیلئے 147 ارب روپے کی سبسڈی رکھی تھی۔ اجلاس میں بجلی ٹیرف میں اضافے کے باعث گردشی قرض کو کم رکھنے کیلئے سبسڈی کی تھویز پر غور کیا جائے گا، مختلف وزراتوں کیلئے ٹیکنیکل گرانٹس کی منظوری بھی دی جائے گی۔