راولپنڈی کی تحصیل ٹیکسلا میں 16 سالہ نوجوان کو بے دردی سے قتل کردیا گیا جس پر عوام نے مبینہ قاتل جعلی پیر سرور شاہ کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سرور شاہ نامی جعلی پیر پر الزام ہے کہ اس نے 25 ایریا واہ کینٹ کے رہائشی جواں سالہ نوجوان ناصر کو انتہائی بے دردی سے بل درگاہ کے قریب قتل کیا جس کی عمر 16 سال بتائی جاتی ہے۔
مقتول نوجوان ناصر کے گھر والوں کو نامعلوم نمبر سے کال کرکے بتایا گیا کہ ناصر کی لاش بل درگاہ کے قریب موجود ہے جس پر گھر والوں نے ناصر کی لاش قبضے میں لے لی۔ مقتول نوجوان گزشتہ 2 روز سے لاپتہ تھا۔
متوفی ناصر کے گھر والوں نے بہت سے مقامات پر اپنے لختِ جگر کو تلاش کیا ۔تاہم مقتول کا کچھ پتہ نہ چل سکا۔ قتل کی اطلاع ملنے کے ساتھ لواحقین کے ہمراہ پولیس بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
ٹیکسلا پولیس نے مقتول نوجوان کی نعش قبضے میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔ نوجوان کے قتل کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں کہرام مچ گیا۔ یتیم نوجوان کے بہیمانہ قتل پر ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔
اہلیانِ علاقہ کا کہنا ہے کہ ناصر کے قاتلوں کا پتہ چلاے کیلئے پولیس کو ہر زاویے سے تفتیش کرنا ہوگی جبکہ جس نامعلوم نمبر سے قتل کی اطلاع دی گئی، وہ تاحال بند ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جعلی پیر سمیت جو بھی قتل میں ملوث ہوا۔ اسے کیفرِ کردار تک پہنچائیں گے۔
ٹیکسلا: 16 سالہ نوجوان کا اندوہناک قتل، عوام کامبینہ قاتل جعلی پیرکی گرفتاری کا مطالبہ
Mar 10, 2021 | 15:04