شاہی خاندان نے بے دردی سے درخت کاٹ کر لاہور کو کنکریٹ کا جنگل بنادیا، فردوس عاشق

Mar 10, 2021 | 19:19

  معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شاہی خاندان اور ریاست رائیونڈ کے نظریہ کے تحت لاہور میں بے دردی سے درخت کاٹے گئے اور شہرکو کنکریٹ کا جنگل بنادیاگیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے قدرتی حسن کو بحال کرنے کا عزم کر رکھا ہے اور اسی نظریے کے تحت پی ایچ اے نے 2سالوں میں لاہور میں 10لاکھ سے زائد درخت لگائے۔انہوں نے کہاکہ نارووال کے ارسطو احسن اقبال نے اپنے بھائی مصطفی کمال کو فرنٹ مین بناکر پی ایچ اے میں اربوں روپے کی کرپشن کی۔ ن لیگ کا وطیرہ ہے کہ انہیں جس ادارہ کا محافظ بنا کر بٹھایا جاتا ہے اسی کو لوٹتے ہیں۔ پی ایچ اے کے وائس چیئرمین اور چیئرمین کو مبارکباد کہ کرپشن کو بے نقاب کیا اور آج ارسطو خان کے بھائی کو گرفتاری سے بچنے کیلئے ضمانت کروانا پڑی۔
    معاون خصوصی آج پی ایچ اے کے زیراہتمام مولانا جوہرعلی روڈ پرمنعقدہ وال پینٹنگ کے مقابلے میں بطور مہمان خصوصی گفتگو کر رہی تھیں۔مقابلے میں لاہور کی مختلف یونیورسٹیز سے طلباء و طالبات نے شرکت کی۔اس موقع پر انہوں نے ثقافتی رنگوں کو اجاگر کرنے میں حصہ دار بننے پر میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔ لاہور کے رنگ میڈیا کے سنگ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ایچ اے نے ان رنگوں کو دلکش بنانے کیلئے ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے اور آج اگریہ رنگ نوجوان نسل کو منتقل نہیں ہوتے تو یہ تاریخ کے اوراق میں ہی رہ جاتے۔ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہاکہ چیئرمین اوروائس چیئرمین پی ایچ اے اور ساری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں جنہوں نے ایسے دلکش اور رنگوں سے بھری تقریب کا انعقادکیا اور لاہور کا حسن دوبالا کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔آج طلباء کے جذبوں کو دیکھتے ہوئے مجھے فخر ہے کہ جب تک یہ نوجوان جو پاکستان کا اثاثہ ہیں پاکستان کیلئے متحرک نظر ائیں گے تو کوئی وجہ نہیں پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا نہ ہو۔ آنے والی نسل کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ پینٹنگ کرنے والا ہاتھ ثابت کر رہا تھا کہ اس میں پاکستان کیلئے کچھ کرنے کا جذبہ بھی ہے۔پی ایچ اے نے لاہور کی ثقافت کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کا سہرا اٹھایا ہے۔
    ڈاکٹرفردوس عاشق نے کہاکہ سیالکوٹی ٹھگ چند ماہ پہلے پھدک رہا تھا اور طاقت کے مظاہرے کر رہا تھا۔ اب جب جیل گیا تو آج ہرنیہ کا بہانا بنا کر ڈسکہ الیکشن کی وجہ سے اسپتال میں بیٹھ گیا ہے۔یہ لوگ حکومت میں فٹ ہوتے ہیں جونہی جیل جاتے ہیں انکو امراض گھیر لیتے ہیں۔ اقتدار میں جہازوں سے نیچے نہیں اترتے تھے۔ اب مرد بنیں یہ لکا چھپی کا کھیل نہ کھیلیں۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے معاون خصوصی نے کہاکہ الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی نے بار بارباور کروایا کہ آزاد اور منصفانہ الیکشن کو یقینی بنایاجائے اور الیکشن کمیشن ریگولیٹر کا کردار اداکرے۔آج بھی اپوزیشن سے کہتے ہیں ترامیم لے آئیں ورنہ آپ ہاتھ ملتے رہیں گے۔ آزاد اراکین صادق سنجرانی کو ووٹ ڈالنے جا رہے ہیں اور اگلے سینٹ چیئرمین صادق سنجرانی ہی ہوں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اوپن بیلٹنگ کا فیصلہ پارلیمنٹ اور الیکشن کمیشن نے کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کو وزیر اعلیٰ کے حوالے سے مروڑ اٹھتے رہتے ہیں۔اپوزیشن میڈیا کی سکرین پرعثمان بزدار کو  بدلنے کے دعوے کرتی رہتی ہے۔ ان کے اس دعوے کو عملی شکل پنجاب اسمبلی کے ممبران نے دینی ہے۔پی ٹی آئی کا کیپٹن عمران خان ہے۔ ٹیم کا چناؤ کرنے کا اختیار ان کے پاس ہے۔ پنجاب میں عمران خان نے عثمان بزدار کو چنا ہے۔ کسی کے ذاتی درد سے پارٹی کو کوئی سروکار نہیں ہے۔ اگلے چند ماہ میں پنجاب میں ترقی اور خوشحالی کے نئے سفر کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ عثمان بزدار کی کارکردگی بولے گی۔ اپوزیشن کی بد ہضمی کے علاج کیلئے ہاضمے کی گولیاں دینا میرا کام ہے۔معاون خصوصی نے کہاکہ سینیٹ الیکشن میں اتحادی ہمارے ساتھ کھڑے رہے۔ یہ ساری افواہیں اضطراب پھیلانے کیلئے کی جاتی ہیں۔۔خواجہ آصف منی ٹریل اور نیب کے سوالوں کا جواب دیں اور قوم کو بتا دیں یہ پیسہ کس کا تھا اور کون کون مستفید ہوتا رہا۔      

مزیدخبریں