فیصل آباد ڈویژن میں بھی پنجاب کلچر ڈے بھرپور انداز میں منایا جائے گا: صوبائی وزیر کالونیز وکلچر خیال احمد کاسترو

Mar 10, 2021 | 21:45

 صوبائی وزیر کالونیز وکلچر خیال احمد کاسترو نے کہا ہے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر 14 مارچ کوصوبہ بھر کی طرح فیصل آباد ڈویژن میں بھی پنجاب کلچر ڈے بھرپور انداز میں منایا جائے اس سلسلے میں عوامی دلچسپی کے رنگارنگ پروگرامز تشکیل دیئے جائیں اور روایتی انداز میں دن مناکر پنجاب کلچر کو اجاگر کریں۔

انہوں نے یہ بات کمشنر آفس فیصل آباد میں ایک اجلاس کے دوران پنجاب کلچر ڈے کی تقریبات کے انعقاد کے لیے ضروری انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ڈویژنل کمشنر ثاقب منان، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ میاں آفتاب احمد، ڈائریکٹرآرٹس کونسل زاہد اقبال اور دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر کو بتایا گیا پنجاب کلچر ڈے پر فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے اضلاع میں تقریبات کو حتمی شکل دے دی گئی ہیں اور جن میں سکولوں کے بچوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور فنکار پنجاب کا روایتی لباس زیب تن کرکے شرکت کریں گے جبکہ کلچرل شو، پنجابی مشاعرہ، گھوڑا ڈانس، کیٹل شو، کبڈی میچ، فلاور شو ودیگر رنگا رنگ پروگرام ترتیب دیئے گئے ہیں۔ ہفتہ 13 مارچ کو سرکاری محکموں واداروں میں افسران پنجاب کا روایتی لباس اور پگڑی پہن کر موجود ہونگے جس کا مقصد اپنی تقریبات میں صوبائی وزراء سمیت ارکان اسمبلی کو مدعو کیا جائے اور فیصل آباد ڈویژن تقریبات میں صوبہ بھر میں نمایاں نظر آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کلچر ڈے کو منانے کے حوالے سے عوامی آگاہی کے لئے تمام تر تشہیری ذرائع بروئے کار لائیں ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نے بتایا کہ فیصل آباد میں کلچر ڈے کے سلسلے میں آرٹس کونسل، اقبال سٹیڈیم اور زرعی یونیورسٹی میں تقریبات منعقد ہونگی۔انہوں نے بتایا کہ کلچر ڈے کا افتتاح آرٹس کونسل میں ہوگا جہاں پنجابی کلچر کو اجاگر، فلاورشو اور گھوڑا ڈانس کے علاوہ پنجابی مشاعرہ، سٹالز لگائے جائیں گے اسی طرح اقبال سٹیڈیم میں نمائشی کبڈی میچ اورزرعی یونیورسٹی میں نیزہ بازی کے مقابلے اور ہارس اینڈ کیٹل شو منعقد کیا جائے گا۔اجلاس کے دوران دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے تقریبات کے شیڈول سے آگاہ کیا۔

مزیدخبریں