13ملکی صورتحال، جماعت اسلامی کی مجلس عاملہ کا اجلاس آج طلب

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ملکی سیاسی صورتحال کے تناظر میں جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس آج طلب کرلیا ہے۔ سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف کے مطابق مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس سہ پہر تین بجے جمعرات کو منصورہ میں ہوگا۔ مہنگائی، بیروزگاری، سودی معیشت اور بدعنوانی کے خلاف ایک سو ایک دھرنوں کی تحریک اور دیگر امور پر حتمی مشاورت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امیرجماعت اجلاس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں ایک قرارداد پیش کی گئی جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ لیبر قوانین اور سماجی تحفظ کے قوانین (سوشل سکیورٹی، EOBI، ورکرز ویلفیئر فنڈ) کا دائرہ تمام مزدوروں بشمول دیہاڑی دار مزدوروں (Informal Sector) کی چھ کروڑ لیبر تک بڑھایا جائے۔ ان ویلفیئر اداروں کے ساتھ جو ادارے انڈسٹریز وغیرہ رجسٹرڈ نہیں ہیں، انہیں رجسٹرڈ کیا جائے۔ ٹھیکیداری نظام کے ذریعے مزدوروں کو مستقل ملازمتوں سے محروم کیا جارہا ہے۔ جبکہ ٹھیکیداری نظام خلاف قانون ہے۔ سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود اس پر عمل درآمد قانون کی کھلی خلاف ورزی اور توہین عدالت ہے۔ ٹھیکیداری نظام کو فوری ختم کیا جائے اور مستقل ملازمتیں دی جائیں۔ کم ازکم اجرت میں 100فیصد اضافہ کیا جائے۔
جماعت اسلامی

ای پیپر دی نیشن