40سے زائد ارکان اسمبلی کی ملاقات ، قا ہر ہتھکنڈے کا ڈ؁ کر مقا بلہ کرینگے: عثمان بزدار

Mar 10, 2022

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے  40 سے زائد ارکان اسمبلی نے ملاقاتیں کیں جن میں سیاسی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت پر بات چیت کی گئی۔ ارکان اسمبلی نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب  کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن ملک میں سیاسی انتشار پھیلا رہی ہے۔ سیاسی عدم استحکام پیدا کرکے مضبوط ہوتی معیشت کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ ہم سب وزیراعظم عمران خان کے سپاہی ہیں اور اپوزیشن کے ہر ہتھکنڈے کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ اپوزیشن کا سیاسی افرتفری پھیلانے کا ایجنڈا عوام کے سامنے ہے۔ ساڑھے تین سالہ ریکارڈ ملکی مفادات سے متصادم رہا ہے۔ ہر موقع پر منفی سیاست کے ذریعے قومی مفادات کو نقصان پہنچایا۔ پاکستان کے مفاد کے خلاف کام کرنا حب الوطنی نہیں۔ عمران خان نے ہمیشہ پاکستان کے مفادات کو مقدم رکھا ہے۔ اپوزیشن کی منفی سیاست کا مقصد اپنی کرپشن کو بچانا ہے۔ پے در پے ناکامیوں کے بعد اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد میں بھی شکست ہوگی۔ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی متحد ہے۔ پارٹی میں دراڑیں ڈالنے کی سازش کو مل کر ناکام بنائیں گے۔ موجودہ حالات میں نفاق کی سیاست کرنے والوں کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔ اپوزیشن کے خواب کبھی پورے نہیں ہوں گے۔ اپوزیشن جس شاخ پر بیٹھی ہے اسے ہی کاٹ رہی ہے۔ سیاسی انتشار پیدا کرنے پر قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ ہم ایک تھے،ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔ میرے دروازے آپ سب کیلئے کھلے ہیں۔ کبھی کسی سے ناانصافی کی نہ کریں گے۔ انتقام کی سیاست ہمارا شیوہ نہیں۔ آپ کے جائز تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا۔ ہماری پارٹی کا نام تحریک انصاف ہے اور ہم انصاف کی عملداری پر یقین رکھتے ہیں۔ تنقید کا جواب ہمیشہ خدمت کی سیاست سے دیا ہے اور دیتے رہیں گے۔ وزیراعلی سے ملاقات کرنے والے صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی نے کہا کہ آپ کی قیادت پر پورا اعتماد ہے اور آپ ہمارے وزیراعلیٰ ہیں اور ہم متحد ہیں۔ ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزراء میاں خالد محمود، اسد کھوکھر، خیال احمد کاسترو، سید سعیدالحسن شاہ، شوکت لالیکا، ہاشم جواں بخت، یاسر ہمایوں، مشیر حنیف پتافی، اراکین پنجاب اسمبلی خرم خان لغاری، احمد شاہ کھگہ، میاں محمد اختر حیات، چوہدری لیاقت علی، سلیم سرور جوڑا، امجد محمود چوہدری، افتخار گوندل، فتح خالق بندیال، میجر (ر) محمد لطاسب ستی، سردار احمد علی دریشک، سردار محی الدین کھوسہ، سردار جاوید خان لنڈ، سید سبطین رضا، نذیر چوہان، شکیل شاہد، عمر فاروق، علی اختر، سعید احمد، خرم اعجاز، عمرآفتاب، طلعت نقوی، سیدہ سونیاعلی رضا شاہ، مہندر پال سنگھ اور دیگر شامل تھے۔ چیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ایک بیان میں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے عدم اعتماد کا جو گڑھا کھودا ہے وہ خود اس میں گرے گی۔ اپوزیشن کے پاس نمبر گیم پوری نہیں اور تحریک عدم اعتماد کی ناکامی نوشتہ دیوار ہے۔ وزیراعظم عمران خان عدم اعتماد سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔ عدم اعتماد کی تحریک میں کوئی جان نہیں۔ اپوزیشن اکٹھی ہو کر بھی وزیراعظم عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔عثمان بزدار سے مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی اشرف انصاری نے ملاقات کی۔ اشرف انصاری نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمیشہ ہماری بات سنی اور ہمارے مسائل حل کئے ہیں اور ہمیں آپ کی قیادت پر بھرپور اعتماد ہے۔عثمان بزدار نے کامونکی کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مزیدخبریں