پانی کا ذخیرہ :ملکی صلاحیت مہینہ سے کم ہو گئی : محمود غزنوی 

لاہور( خصوصی رپورٹر) لاہور چیمبر کے سابق نائب صدر اور کٹار بند روڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے صدر سید محمود غزنوی نے حکومت پر زور دیا ہے کہ سستی بجلی پیدا کرنے اور پانی کی قلت پر قابو پانے کیلئے ڈیم تعمیر کرنے پر توجہ دے اور اس مقصد کیلئے بجٹ میں وافر فنڈز رکھے جائیں۔ سید محمود غزنوی نے کہا کہ پاکستان روز بروز پانی کی قلت والے ممالک کی فہرست میں اوپر آرہا ہے۔ 1950ء میںایک پاکستانی کیلئے پانی کی دستیابی پانچ ہزار کیوبک میٹر فی کس تھی جو اب پندرہ سو کیوبک میٹر فی کس سے بھی کم ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت کے حوالے سے پاکستان پہلے پانچ ممالک میں شامل ہوچکا ہے جبکہ پانی استعمال کرنے کے حوالے سے یہ چوتھے نمبر پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال پینتیس ملین ایکڑ فٹ سے زائد پانی ضائع ہوجاتا ہے کیونکہ ہمارے پاس پانی ذخیرہ کرنے کے لیے ذخائر نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ڈھائی سو دن تک پانی ذخیرہ کرسکتا ہے جبکہ پاکستان کے پاس بمشکل ایک ماہ تک پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ذخائر میں بھی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کم ہورہی ہے۔ جبکہ آبادی بڑھنے کیساتھ پانی کی طلب بھی بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس سنگین مسئلے پر فورا توجہ دے اور بجٹ میں پانی کے ذخائر تعمیر کرنے کیلئے وافر فنڈز مختص کریں۔

ای پیپر دی نیشن